ذوالفقار بھٹو نے ملک کو 1973 ء کا متفقہ آئین دیا‘ پیپلزپارٹی

123

کراچی (اسٹاف ر پورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی اور پی پی پی سندھ کے نائب صدر راشد حسین ربانی نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 41ویں یوم شہادت کے موقع پر انہیں زبردست خراج عقیدت اور سرخ سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی پوری زندگی عوام کے حقوق اور جدوجہد اور ملک کی تعمیر وترقی کی خدمات سے عبارت ہے شہید ذوالفقار علی بھٹو نے بے آئین ملک کو 1973 ء کا متفقہ آئین دیا، 90ہزار جنگی قیدی آزاد کرائے اور بھارت کے ہاتھوں قبضہ کیاگیا 5 ہزار مربع میل کا علاقہ واگزار کرایا۔ شہید بھٹو نے مزدوروں کیلیے پہلی لیبر پالیسی بنائی مزدوروں کی ملازمت کو تحفظ دیا ملک کو ایٹم بم کا تحفہ دیا جس کے باعث آج دشمن پاکستان کے جانب میلی آنکھ بھی ڈالنے سے گھبراتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے سیاست کو محلوں سے نکال کر غریب کی جھونپڑی تک پہنچایا اور عام آدمی کو زبان دے کر اپنا حق کیلیے جدوجہد کرنے کا درس دیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو کو عوام اور ملک دوستی کی سزا دی گئی اور انہیں ایک جھوٹے مقدمے میں ملوث کر کے ان کا عدالتی قتل کر دیا گیالیکن آج 41سال گزرنے کے باوجود شہید بھٹو عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔