کینٹ اسٹیشن پر آئسولیشن بوگیز کو یہاں سے دور رکھنے کامطالبہ

116

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان ریلویز کی مختلف یونینز اور ایسو سی ایشن کا ایک اجلاس ملک میں کورونا وائرس کی وجہ سے حالات اور واقعات کے تناظر میں منعقد ہوا، جس میں ریلوے محنت کش یونین، ریلوے ورکرز یونین، سمپارس یونین، ریلوے پریم یونین، ڈرائیور ایسوسی ایشن، گارڈز ایسوسی ایشن، کمرشل ایسوسی ایشن کے رہنمائوں نے شرکت کی۔ ریلوے ایکشن کمیٹی کے اس اجلاس میں کورونا وائرس کی وجہ سے احتیاطی تدابیر پر زور دیا گیا اور ریلوے ملازمین/ محنت کشوں بشمول ریلوے افسران کے لیے وفاقی حکومت اور ریلوے حکام سے مطالبے کیے گئے کہ ریلوے کے تمام ڈویژنوں، لوکو شیڈز، ورکشاپس، کیرج اسٹاف، گینگ اسٹاف، ڈرائیورز، گارڈز، کمرشل ‘ کلریکل اسٹاف، اسٹیشن ماسٹرز، ٹریفک یارڈ اسٹاف، میڈیکل اسٹاف، پولیس،و دیگر تمام ریلوے اسٹاف کو تمام حفاظتی سامان مہیا کیا جائے۔ریلوے اسپتالز میں ڈاکٹرز کی قلت ، دوائیںاور ضروری سامان فوری مہیا کیاجائے۔ چائنا سے منگوائے گئے سامان سے ریلوے کو ضروری حصہ دیا جائے۔دفاتر، ریلوے رہائشی کالونیز میں اسپرے کروایا جائے، ریلوے اسٹیشنوں، دفاتر کے مین گیٹوں پر اسکریننگ گیٹس لگائے جائیں ۔اجلاس میں مطالبہ کیاگیا کہ کراچی کینٹ اسٹیشن پر آئسولیشن بوگیز کو یہاں سے دور رکھا جائے۔اجلاس میں کہاگیاکہ ان حالات میں ڈیوٹیز سر انجام دینے والے ملازمین کے لیے خاص پیکج کا اعلان کیا جائے۔ ریلوے کے ان ملازمین پر نرمی برتی جائے جن کے شعبے ابھی فی الحال بند کیے گئے ہیں آخر میں ان تنظیموں کے تمام رہنمائوں نے کہا کہ اگر ملازمین کے لیے سیفٹی میرز نہ لیے گئے تو وہ ڈیوٹیز سر انجام دینے سے قاصر ہونگے۔ریلوے انتظامیہ فی الفور اقدامات کرے۔