عوام کے تعاون سے کورونا ختم کردیں گے، ناصر حسین شاہ

128

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر اطلاعات ، مذہبی امور ، بلدیات ، جنگلات اور ہائوسنگ ٹائون پلاننگ سید ناصر حسین شاہ نے جمعہ کو دن 12 سے 3 بجے تک کے لاک ڈائون کے دوران عوام کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب ہم عوام کے تعاون سے کورونا جیسی وباکو ختم کردیں گے، عوام نے اپنے گھروں میں رہ کر لاک ڈائون کی مکمل پابندی کی جس پر سندھ حکومت ان کی مشکور ہے۔ ایک بیان میںناصر شاہ نے کہا کہ موجودہ حالات میں سماجی فاصلے اور اپنے گھروں میں رہنا انتہائی ضروری ہے ،نماز جمعہ کے اجتماع پر پابندی کا فیصلہ انتہائی تکلیف دہ عمل تھا تاہم عوام کے وسیع تر مفاد میں حکومتوں کو سخت اور تکلیف دہ اقدامات اٹھانے پڑتے ہیں اس لیے ہم نے مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام سے مشاورت کی، ان شاء اللہ سندھ حکومت بہت جلد عوام کے تعاون سے کورونا وائرس کے پھیلاو پر قابو پالے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم متاثرہ افراد کی ہر ممکن مدد اور ان تک راشن پہنچانے کے لیے فلاحی نمائندوں ، علمائے کرام اور معززین علاقہ سے مدد لے رہے ہیں تاکہ تمام ضرورت مندافراد کو راشن ان کے دروازے تک پہنچا سکیں،سندھ حکومت کسی بھی صور ت متاثرہ افراد کو تنہا نہیں چھوڑے گی ۔