بارہ سو ارب کے پیکیج پر عملدرآمدکیلیے عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اجلاس

271

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان کی طرف سے کورونا وائرس کی وبا سے متاثرہ شہریوں اور صنعتوں کے لیے1200 ارب روپے سے زاید کے مالیاتی امدادی پیکیج پر عملدرآمد اور طریقہ کار کے تعینکے لیے وزارت خزانہ میں جمعے کو اہم اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و ٹیکسٹائل عبدالرزاق دائود بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ریفنڈز کی مد میں100 ارب روپے کی ادائیگی اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں اور محنت کشوں کے لیے200 ارب روپے مختص کرنے سمیت کئی اقدامات پہلے سے کیے گئے ہیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ 14 اپریل کے بعد تعمیراتی صنعت مکمل طور پر کام شروع کرے گی تاکہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور جو معاشرے کا کمزورحصہ ہیں، کو اپنے خاندان کے لیے باعزت روزی کمانے کا موقع مل سکے ۔