کمشنر کراچی کا جماعت اسلامی و الخدمت کے ہیلپ سینٹر کادورہ

644
کمشنر کراچی افتخار شلوانی جماعت اسلامی اور الخدمت کی جانب سے فیڈرل بی ایریا میں ہیلپ سینٹر میں راشن کی پیکنگ میں حصہ لے رہے ہیں ،دوسری طرف میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد، ضرورت مندوں اور مستحقین کے لیے جماعت اسلامی اور الخدمت کی جانب سے فیڈرل بی ایریاکے ایک نجی اسکول میں قائم ’’ہیلپ سینٹر‘‘کا دورہ کیا اور الخدمت کی کاوشوں سراہتے ہوئے کہاکہ اس مشکل گھڑی میں جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضاکا ر خراج تحسین کے مستحق ہیں جوعزت نفس مجروح کیے بغیر عوام کی خدمت کررہے ہیں ،سندھ حکومت اور انتظامیہ اس جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں،حکومت سندھ نے راشن کی تقسیم کا وقت صبح 5بجے سے 7 بجے تک مقرر کیا ہے ، کوشش ہے کہ انہی اوقات میں ضرورت مندوں اور مستحقین کے لیے راشن کی تقسیم کو ممکن بنایا جائے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت سندھ کی جانب سے بھی راشن کی تقسیم کا عمل جاری ہے ۔ ہم امید کرتے ہیں کہ جماعت اسلامی اور الخدمت سندھ حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی ۔اس موقع پر افتخار شلوانی نے راشن پیکنگ کے عمل میں بھی حصہ لیا۔ پروگرام میں الخدمت کے ڈائریکٹرکمیونٹی سروسز قاضی صدرالدین،منظر عالم ، نائب امیر ضلع گلبرگ کامران سراج، انچارج الخدمت فائونڈیشن ضلع گلبرگ سید احمد، جماعت اسلامی کراچی کے سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ہیلپ سینٹر کے انچارج سعیدعامر موسیٰ نے افتخار شلوانی کو تفہیم القرآن کا ہدیہ پیش کیا۔قاضی صدر الدین نے افتخار شلوانی کو الخدمت کی امدادی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ ضلع گلبرگ کے تحت ریلیف کی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔ جماعت اسلامی کے کارکنان اور الخدمت کے رضا کار روزانہ مختلف مقامات پر جراثیم کش اسپرے کر رہے ہیںجس میں 133مساجد میں اسپرے کیا جاچکا ہے،قاضی صدر الدین نے کمشنر کراچی سے مطالبہ کیا کہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے نمازیوں کی گرفتاری قابل مذمت ہے ۔ تمام گرفتار شدگان کو فوراً رہا کیا جائے ۔ کمشنر کراچی نے یقینی دہانی کرائی کہ تمام بے گناہ افراد کو رہا کردیا جائے گا۔ 6 ہزار سے زاید معاشی طور پر متاثرہ افراد، ضرورت مندوں، مستحقین اور مزدور طبقے کے لیے امدادی سامان اور غذائی اجناس فراہم کرنے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے اور مزید ضرورت مندوں میں مرحلہ وار سامان تقسیم کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مساجد کے باہر اور رہائشی علاقوں سے فنڈ بھی اکٹھا کیا گیا ہے۔