تاجرمارکیٹیں مزید بند رکھنے کے متحمل نہیں ہوسکتے، سراج الحق

510

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سے اسلام آباد میں تاجر رہنماکاشف چودھری نے ملاقات کی اورانہیں ملک بھر کے تاجروں کے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے تاجر برادری کے مطالبات کی حمایت کی درخواست کی۔سینیٹر سراج الحق نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تاجروں کو ریلیف دیا جائے ۔ تاجر و صنعتکار طبقہ اب مزید مارکیٹیں بند رکھنے کا متحمل نہیں ہو سکتا،تاجروں کے ملک بھر کی مارکیٹوں کو حفاظتی اقدامات کے ساتھ مرحلہ وار کھولنے کی حکمت عملی تاجر تنظیموں کی مشاورت سے ترتیب دی جائے۔ چھوٹے تاجروں کے کم یونٹس کے بجلی اور گیس کے 2 مہینوں کے بلز ختم کیے جائیں،اسی طرح دیگر تاجروں و صنعتکاروں کے2 مہینے کے یوٹیلیٹی بلز مؤخر کرتے ہوئے اگلے 6 مہینے میں قسطوں میں وصول کیے جائیں اور تمام قرضوں کے سود ختم کیے جائیں، تاجروں پر ان3مہینے کے عرصے کے مختلف قسم کے ٹیکسز ختم کیے جائیں۔تمام صنعتوں کو حفاظتی اقدامات کے ساتھ فوری کھولنے کا فیصلہ کیا جائے ، پیٹرول کی قیمت 60 روپے لیٹر اور دیگر تمام مصنوعات کی قیمتیں اسی شرح سے کم کی جائیں۔ تاجروں و صنعتکاروں کے لیے بلاسود قرضے فراہم کرنے کا انتظام کیا جائے خرید و فروخت پر لگائی جانے والی شناختی کارڈ کی شرط ،پوائنٹ آف سیلز لگانے کے فیصلے معیشت کی بحالی کے لیے واپس لیے جائیں، رئیل اسٹیٹ سیکٹر ،ہائوسنگ ،ملکی صنعتوں کی بحالی ، ایکسپورٹ میں اضافے کے لیے تاجر تنظیمات کی مشاورت سے معاشی اصلاحات و پیکج کا فیصلہ کیا جائے ۔