وزیراعظم کا تعمیراتی پیکج ہمارا دیرانہ مطالبہ تھا ،شکریہ ادا کرتے ہیں، چیئرمین آباد

407

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایسوسی ایشن آف بلڈرزاینڈ ڈیولپرز (آباد) کے چیئرمین محسن شیخانی،سینئر وائس چیئرمین سہیل ورند،وائس چیئرمین عبدالرحمن، چیئرمین سدرن ریجن محمدعلی توفیق رتاڑیا نے آباد کے مطالبے پر تعمیراتی شعبے کے لیے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پیکج کے اعلان پر اظہارتشکرکرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پیکج سے نہ صرف تعمیراتی شعبے کو ترقی ملے گی بلکہ اس سے پاکستان کی معیشت کو بھی استحکام حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی سیکٹر کو صنعت کا درجہ دینے اور فکس ٹیکس ریجیم کا نفاذ آباد کا دیرینہ مطالبہ تھا۔عمران خان نے جس پیکج کا اعلان کیا ہے اس کے لیے ہم مسلسل کئی برسوں سے جدوجہد کرتے آرہے ہیں۔عمران خان ایک ویژنری لیڈر ہیں،انہیں ادراک ہے کہ تعمیراتی شعبے کو فعال کیے بغیر ملکی معیشت کو اوپر نہیں اٹھایا جاسکتا۔ فکس ٹیکس ریجیم کے نفاذ سے نا صرف تعمیراتی شعبے میں شفافیت آئے گی بلکہ حکومت کے ریونیو میں بھی اضافہ ہوگا اور ٹیکس حکام بلڈرز اور ڈیولپرز کو بلیک میل بھی نہیں کرسکیں گے۔تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والوں سے ذرائع آمدن نہیںپوچھی جائے جس سے اس شعبے میں سرمایہ کاری کئی گنا بڑھ جائے گی۔نیا پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والوں کے لیے ود ہولڈنگ ٹیکس ختم اور 30 ارب روپے کی سرمایہ کاری سے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کو فروغ ملے گا۔ سیلز ٹیکس کی چھوٹ سے نہ صرف تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری بڑھے گی بلکہ اس سے فی یونٹ گھر کی قیمت میں بھی کمی آئے گی جس سے کم آمدنی والے طبقے کواپنا گھر کا خواب بھی شرمندہ تعبیر ہوسکے گا۔آباد رہنماؤں نے وزیراعظم عمران خان نے صنعتکاروں اور بلڈرزاور ڈیولپرزکے دل جیت لیے ہیں جس سے سرمایہ کاری بڑھے گی اور معیشت کو فروغ ملے گا۔