تھیلیسیمیا کا شکار بچوں کیلیے خون کے عطیات دیں ، صدر مملکت کی اپیل

192

اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تھیلیسیمیا کے شکار بچوں کے لیے عوام سے خون کے عطیات کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں ٹرانسپورٹ سمیت دیگر بندشوں کے باعث تھیلیسیمیا کا شکار بچوں کے لیے خون کے عطیات جمع کرنے اور ان کو فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے تھیلیسیمیا کا شکار بچوں کے لیے خون کے عطیات دیں کیو نکہ دکھی انسانیت کی خدمت ایک عظیم نیکی ہے، تھیلیسیمیا کا شکار بچوں کی زندگی خون کے عطیات پر منحصر ہوتی ہے، خون کے عطیات دینے والوں کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار صدر مملکت نے جمعہ کو ایف نائن پارک میں قائم تھیلیسیمیا سینٹرکے دورے کے موقع پر گفتگو کے دوران کیا۔ صدر مملکت نے تھیلیسیمیا کا شکار بچوں سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔صدر مملکت نے سینٹر پر فرائض سر انجام دینے والے ڈاکٹروں سے بھی ملاقات کی اور متاثرہ بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے۔ اس موقع پر پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر عون عباس بپی نے صدر مملکت کو تھیلیسیمیا مرکز میں کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ تھیلیسیمیا کا شکار بچوں کی مشکلات کو سامنے رکھتے ہوئے خون کے زیادہ سے زیادہ عطیات دیں۔