حقیقی رہنما قوموں کی تقدیر بدل دیتے ہیں،بلاول زرداری

291

کراچی(اسٹاف ر پورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے زور دیا ہے کہ قوم کو کورونا وائرس کے بڑہتے ہوئے بحران کا مقابلہ کرنے اور اپنے لوگوں کو اس منڈلاتی ہوئی بربادی سے بچانے کے لیے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وژن کی پیروی کرنے کی ضرورت ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 41 ویں یوم شہادت کے موقعے پر جاری کردہ اپنے پیغام میں بلاول زرداری نے کہا کہ حقیقی رہنما قوموں کی تقدیر بدل دیتے ہیں اور وہ بحرانوں کے دوران بڑے عزم اور ویژن کے ساتھ رہنمائی کرتے ہیں۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ سقوط ڈھاکا کے بعدپاکستان کی ہزاروں میل زمین دشمن کے قبضے میں چلی گئی تھی اور ہمارے 90 ہزار فوجی جنگی قیدی بن چکے تھے،شہید ذوالفقار علی بھٹو نے نہ صرف ہماری سرزمین اور سپاہی واپس لیے بلکہ ہمارے جوہری پروگرام کی بنیاد رکھ کر اس بات کو یقینی بنایا کہ پھر کبھی ہماری خودمختاری اڑوس پڑوس کے رحم و کرم پر نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ آدھے سے زیادہ ملک گنوانے کے نتیجے میں ہونے والی معاشی تباہی سے نمٹنے کے لیے پاکستان اسٹیل ملز، پورٹ قاسم، ہیوی میکینیکل کمپلیکس، پاکستان مشین ٹول فیکٹری وغیرہ جیسے بڑے معاشی و صنعتی منصوبے تشکیل دیے گئے۔بلاول زرداری نے کہا کہ اس کڑے وقت میں پاکستان کے عوام ایک نئے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی تلاش میں ہیں، جو ہمیں آپسی اختلافات کے باوجود متحرک کرے اور ایک ایسا لیڈر جو ہمیں اس وباء سے نکالنے کے لیے روشنی کا مینار بن کر قیادت کرے۔ پی پی چیئرمین نے کہا کہ پاکستانی عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کریں گے جو انہوں نے اس عظیم قوم کے لیے دی تھی۔ بلاول نے کہا کہ ہم کسی قسم کے بھی بحران میں پاکستانی عوام کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔