میڈیا انڈسٹری اور ورکرز کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلیے کمیٹی قائم

23226

وزیراعظم عمران خان نے میڈیا انڈسٹری اورمیڈیا ورکرزکے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کرنے کے لیے کمیٹی قائم کردی ہے۔ کمیٹی میں وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود اوروزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان شامل ہیں۔وزیراعظم کی جانب سے اعلان کردہ کمیٹی کا حصہ معاون خصوصی شہزاداکبر، وفاقی سیکریٹری اطلاعات اور ڈاکٹرشہبازگل بھی ہوں گے۔ قائم کردہ کمیٹی کوسفارشات کاجائزہ لینے اورمسائل کاحل کرنے کا ٹاسک تفویض کیا گیا ہے۔

پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن نے وزیراعظم عمران خان کو اقدامات اٹھانے کے لیے خط لکھا تھا۔لکھے گئے خط میں کورونا وائرس نامی وبا کی وجہ سے میڈیا انڈسٹری کو ممکنہ بحران سے بچانے اورورکرزکے تحفظ کی یقینی بنانے کی درخواست کی گئی تھی۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے چیلنج سے نمٹنے میں میڈیا کا کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا ہے کہ کورونا کے خلاف جنگ میں صحافی اور میڈیا ورکرز ہراول دستے کا کردار ادا کررہے ہیں۔وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ میڈیا ورکرز کے تحفظ اور میڈیا انڈسٹری کی مشکلات کو کم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ میڈیا ورکزر کے تحفظ اور انڈسٹری کی مشکلات کم کرنے کی کوشش کریں گے۔