کوروناوائرس: میڈیا انڈسٹری اور ورکرز کے تحفظ کے لیے 5 رکنی کمیٹی قائم

188

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کی صورتحال کے تناظر میں میڈیا انڈسٹری اور میڈیا ورکرز کے تحفظ کے لیے اقدامات کے حوالے سے پانچ رکنی کمیٹی قائم کردی۔

کمیٹی کا قیام پاکستان براڈ کارسٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے وزیراعظم کو بھیجے جانے والے خط کے بعد کیا گیا۔

کمیٹی وزیر تعلیم شفقت محمود، معاون خصوص برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی شہزاد اکبر، سیکرٹری اطلاعات اور ڈاکٹر شہباز گل پر مشتمل ہوگی۔

کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال کے تناظر میں میڈیا انڈسٹری کو ممکنہ بحران سے بچانے اور میڈیا ورکرز کے تحفظ کی غرض سے پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن نے وزیراعظم سے براہ راست درخواست کی اور اندسٹری کے لیے حکومت کی جانب سے سپورٹ کی درخواست کی تھی۔

کمیٹی کو پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے پیش کی جانے والی سفارشات کا جائزہ لینے اور مسائل کا حل کرنے کا ٹاسک سونپ دیا گیا۔

وزیراعظم نے کہاکہ کورونا وائرس کے درپیش چیلنج سے نمٹنے میں میڈیا کا کلیدی کردار ہے، کورونا کے خلاف نبردآزما دیگر متعلقین کے ساتھ ساتھ صحافی اور میڈیا ورکرز بھی ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں، میڈیا ورکزر کے تحفظ اور انڈسٹری کی مشکلات کم کرنے کی ہر ممکنہ کوشش کی جائے گی ۔