حیدرآباد ،تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر پانی کی فراہمی بند

307

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) واسا ملازمین کا تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاج، نکاسی وفراہمی آب کا نظام بند کردیا، دس ماہ سے واسا کے مستقل ملازمین اور پنشنرز کو تنخواہوں وپنشن کی عدم ادائیگی اور ورک چارج ملازمین نے گیارہ ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کیخلاف پمپنگ اسٹیشنوں کو بند کرنا شروع کردیا، اب تک جو پمپنگ اسٹیشن بند کیے ہیں، ان میں لطیف آباد نمبر 4 واٹر سپلائی، لطیف آباد نمبر 6،10، دریا خان سیوریج پمپنگ اسٹیشن، ہالا ناکہ فلٹر پلانٹ اور شہر کے دوسرے چھوٹے بڑے پمپنگ اسٹیشن شامل ہیں۔ ایچ ڈی اے ایمپلائز یونین کے آرگنائزر اعجاز حسین، جنرل سیکرٹری عبدالقیوم بھٹی، بلاول ملاح، عبدالحمید، رحیم کھوسو، محمد اقبال راجپوت ودیگر نے کہا ہے کہ ایچ ڈی اے واسا کے ریگولر ملازمین کی نو ماہ کی تنخواہ پنشنرز اور ورک چارج ملازمین گیارہ ماہ کی تنخواہ اور پنشن سے محروم ہیں۔ ایمپلائز یونین کے رہنماؤں نے اپیل کی ہے کہ ایمپلائز یونین نے ہمیشہ اتحاد کی بات کی ہے۔ لہٰذا ایک بار پھر تمام یونینوں اور ایچ ڈی اے کی تمام ایسوسی ایشن سے اپیل کرتے ہیں کہ خدارا اب تو تمام سیاسی اختلافات بھلا کر ملازمین کو بھوک وافلاس سے نجات دلانے کے لیے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوجائیں اور یک آواز ہوکر تنخواہوں کے لیے آواز بلند کریں۔ انہوں نے صوبائی سیکرٹری بلدیات، کمشنر حیدر آباد، ایم ڈی واسا ودیگر حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ملازمین کو دو دو ماہ کی تنخواہ اور پنشن ادا کی جائیں جبکہ پندرہ روز کے اندر تمام بقایا جات کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے بصورت دیگر مکمل طور پر نکاسی وفراہمی آب کا نظام بند کرنے پر مجبور ہوں گے۔