کورونا مریضوں کی تعداد دن بدن سنگین ہوتی جارہی ہے،جاوید قصوری

153

لاہور (نمائندہ جسارت) امیرجماعت اسلامی صوبہ پنجاب وسطی و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد دن بدن سنگین ہوتی جارہی ہے۔ اب تک 2200مریض سامنے آچکے ہیں جبکہ 29جاں بحق ہوئے۔ پنجاب میں مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ 740تک پہنچ چکی ہے۔ عوام خوفزدہ نہ ہوں۔ عوام کو ریلیف دینے والے واضح حکمت عملی طے کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں کورونا سے متعلق آگاہی مہم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈائون کے دوران ڈرائیورز ، کنڈکٹر ز، مزدور سب بے یارو مددگار ہوچکے ہیں۔ اعلان کردہ حکومتی ریلیف پیکیج ایک خواب بن چکا ہے۔ لوگوں کے گھروں میں نوبت فاقوں تک پہنچ گئی ہے ۔ بد قسمتی سے کہنا پڑتا ہے کہ حکومت نے اپنی نا اہلی اور ناقص حکمت عملی کے باعث 22کروڑ عوام کو شدید مایوس کیا ہے۔حکمرانوں کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے تمام دعوے کمیٹیاں بنانے تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں ۔ اشیا خورونوش دستیاب نہیں۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے کورونا وائرس روک تھام کے حوالے سے حکومت نیم دلی سے کام لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکلات میں لیڈرز تو قوموں کو متحد کرتے ہیں مگر پاکستان میں صورت حال بہت مختلف ہے۔ چین کی مثال آج پوری دنیا کے سامنے ہے جس انداز میں چائنا نے اس وبا پر بروقت قابو پایا ہمیں بھی اسی انداز میں ہنگامی طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ حکومتی فیصلے عجلت کی عکاسی کرتے ہیں۔ محمدجاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ راشن کی تقسیم کا کوئی طریقہ کار واضح نظر نہیں آرہا ۔ گیس ، بجلی اور پانی کے بلز معاف کیے جائیں۔ چھوٹے کاشتکاروں کے نقصانات کا فوری ازالہ ہونا چاہیے۔ ٹیکسٹائل سیکٹر کے 2۔ارب ڈالر کے آرڈرز منسوخ ہوچکے ہیں جبکہ 7لاکھ مزدور بے روزگار ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کورونا وائرس کے حوالے سے ہر ممکن اختیاطی تدابیر اختیار کریں۔