کورونا فنڈ میں 3 ارب روپے جمع ہوچکے،وزیر اطلاعات سندھ

177

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر اطلاعات، بلدیات، جنگلات و جنگلی حیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے کورونا وائرس ایمرجنسی فنڈ میں دنیا بھر سے عطیات موصول ہونا شروع ہو گئے ہیں اور اب تک 3 ارب روپے سے زاید کا فنڈ جمع ہو چکا ہے۔ سید ناصرحسین شاہ نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی جانب سے 2 ارب 84 کروڑ روپے جمع کرائے گئے جبکہ نجی ڈونرز کی جانب سے 4 کروڑ 13 لاکھ روپے سے زاید رقوم فنڈ میں دی گئیںجبکہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں نے بھی عطیات سندھ حکومت کے کورونا ایمرجنسی فنڈ میں دیے ہیں۔ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ نازک صورت حال کو دیکھتے ہوئے صوبے بھر میں جراثیم کش اسپرے مہم کا آغاز کردیا ہے، لاک ڈاؤن کے دوران تمام رہائشی کالونیوں، کاروباری علاقوں، مرکزی شاہراہوں، اندرونی و بیرونی گلیوں سمیت، عوامی مقامات، مساجد، امام بارگاہوں و دیگر عبادت گاہوں میں بھی جراثیم کش اسپرے کیا جارہا ہے جس سے مہلک اور وبائی امراض کے خاتمے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔ وزیر اطلاعات نے جمعہ کے روز دوپہر 12 تا 3 سخت لاک ڈاؤن کے نفاذ کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دوران فوج، رینجرز اور پولیس اہلکاروں اور دیگر قانون نافذ کرنے والوں کی اضافی نفری بھی تعینات کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ تمام مکاتب فکر کے علما کرام سے مشاورت کے نتیجے میں باجماعت نماز کے انعقاد پر پابندی کا فیصلہ انسانی جانوں کو بڑے نقصان سے بچانے کے پیش نظر لیا گیا ہے جس کی شریعت میں اجازت موجود ہے۔ عوام اس وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے حکومت کی جانب سے کی جانے والی کوششوں میں اس کا ساتھ دیں ۔