کورونا کا پھیلاؤ کم ہے‘ صنعتیں کھولنے کا فیصلہ کرلیا‘ وزیراعظم

795
اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت کوروناوائرس سے متعلق اجلاس ہورہا ہے

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا کا پھیلاؤ دوسرے ممالک کی نسبت کم ہے لہٰذا ہم نے صنعتیں کھولنے کا فیصلہ کرلیا۔جمعرات کوتاجروں میں ٹیکس ریفنڈکے چیک تقسیم کرنے کی تقریب اور کورونا وائرس کی صورتحال پر قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںبتایا کہ ایسی صنعتوں کی فہرست مرتب کرلی گئی ہے جنہیں کھولنے سے کورونا وائرس کے اثرات کم سے کم ہوں، تعمیراتی صنعت کے لیے آج بڑے پیکج کا اعلان کروں گا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ وسائل میں کورونا وائرس پر قابوپالیں گے ،صرف کورونا سے نہیں بلکہ غربت اور بے روزگاری سے بھی ہمارا مقابلہ ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے کمزور طبقے کو کورونا وائرس سے معاشی خطرات لاحق ہیں، وائرس کے باعث مزدور اور دیہاڑی دار طبقہ زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ مزدور طبقے کے لیے امدادی پیکج کا اعلان کیا گیا ہے لیکن کمزور طبقے کا خیال رکھنا ہم سب کی ذمے داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم کاروباری شخصیات کو مدد فراہم کر رہے ہیں کیونکہ حکومت کی ترجیح ہے کہ ملک میں صنعت کو فروغ دیا جائے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہمیںبیلنس کو دیکھنا ہے کہ کورونا نہ پھیلے اور انڈسٹری بھی چلتی رہے، ہم بتا بھی دیں گے کہ کس طرح ایس او پیز کے تحت انڈسٹری چل سکتی ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ کورونا سے پوری دنیا مشکل میں ہے۔مزید برآں وزیراعظم نے اسلام آباد کے تمام ڈاکٹرز اور طبی عملے کے لیے ایک ماہ کی اضافی تنخواہ کی بھی منظوری دی۔