بجلی گیس کے بل 3ماہ کی تاخیر سے جمع کراسکتے ہیں، مشیر خزانہ۔ کے الیکٹرک کا اوسط بل وصول کرنیکا اعلان

649

اسلام آباد ، کراچی (خبرایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک) مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہا ہے کہکورونا وائرس کی وجہ سے عوام بجلی ،گیس کے بل 3ماہ کی تاخیر سے جمع کراسکتے ہیں جب کہ کے الیکٹرک نے اوسط بل وصول کرنے کا اعلان کیا ہے ۔اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر خزانہ نے کہا کہ کورونا سے متاثرہ افراد کی مدد کی جائے گی اس کے لیے ایک 1200 ارب کا پیکج دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ کاروباری حضرات کے لیے 5 بڑے فیصلے کیے ہیں، چھوٹے کارخانوں کے متاثرہ ملازمین کے لیے 100 ارب رکھے جارہے ہیں۔مشیر خزانہ نے بتایا کہ بجلی اور گیس کے بل فوری طور پر جمع کرانے کی ضرورت نہیں، 3 ماہ بعد بھی جمع کرائے جاسکیں گے، یوٹیلیٹی بلز جمع کرانے میں تاخیر کا نقصان حکومت خود برداشت کرے گی جس کے لیے 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں تاہم مشیر خزانہ کی جانب سے کے الیکٹرک کے صارفین کے حوالے سے کوئی وضاحت نہیں گئی۔ اسی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ بزنس مین مطمئن رہیں، حکومت ان کے پیچھے کھڑی ہے، بزنس کمیونٹی کی سپورٹ پر شکریہ ادا کرتے ہیں، کاروباری برادری سے مل کر کورونا سے متعلق چیلنجز پر قابو پائیں گے۔علاوہ ازیںکراچی میں بجلی کی تقسیم کار نجی کمپنی کے الیکٹرک نے کورونا وائرس کے باعث براہ راست میٹر ریڈنگ ممکن نہ ہونے کے سبب اوسط بلنگ کا اعلان کیا ہے۔ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک اپنے صارفین کو بلنگ میں ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ11ماہ کی بنیاد پراوسط بلنگ یا گزشتہ سال اسی ماہ کے بل میں سے کم ویلیو پر اپریل میں بلنگ ہوگی اور براہ راست میٹر ریڈنگ دوبارہ شروع ہوتے ہی بلز حقیقی ریڈنگ پرایڈجسٹ کردیے جائیں گے۔کے الیکٹرک کا دعویٰ ہے کہ اس نے یہ اقدام صارفین کے وسیع تر مفاد اور بہتر خدمات کے لیے کیا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ ماہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں بجلی تقسیم کرنے والی کمپنیوں اور سوئی سدرن گیس کمپنی کو بلوں میں رعایت کرنے کی ہدایت کی تھی۔وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کا بجلی کا بل 5 ہزار روپے تک ہے، ان سے اس ماہ بل نہ لیاجائے اور اسے اگلے 10 ماہ میں قسطوں کی صورت میں وصول کیا جائے تاہم کے الیکٹرک نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت ماننے سے انکار کردیا تھا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ 4 ہزار روپے سے کم کے بلوں کی ادائیگی کی تاریخ بڑھادی گئی ہے اور صارفین 10 اپریل تک اپنے بل جمع کراسکتے ہیں۔