سندھ میں کورونا کیسز میں اضافہ، تعداد761 ہوگئی

64939

کراچی:وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہوکا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں کورونا کے مزید61کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد761 ہوگئی ہے۔

ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ کراچی میں وائرس سے 7 مریض انتقال کر چکے ہیں جب کہ41 مریض بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔شہر قائد میں45 نئے کیسز کی تصدیق کے بعد تعداد 294 ہوگئی ہے۔

وزیر صحت سندھ کا کہنا تھا کہ حیدرآباد میں 14 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد ضلع میں کورونا مریضوں کی تعداد 57 ہوگئی ہے۔

ڈاکٹر عذرا پیچوہو نےمزید کہا کہ کراچی میں ضلع جنوبی کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے، جہاں 56 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے، ضلع کے اندر سول لائن میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے، 56 میں سے 30 مریضوں کی ٹریول ہسٹری ہے جب کہ 26 مقامی منتقلی کے کیسز ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حیدرآباد میں نئے کیس رپورٹ ہونے کے بعد کورونا متاثرین کو مکمل انتظامات کے ساتھ قرنطینہ میں رکھا گیا ہے، رپورٹ منفی آنے تک مریضوں کو زیر علاج رکھا جائے گا، اس کے علاوہ جامشورو میں 2 اور ایک کیس جیکب آباد میں سامنے آیا ہے۔