الخدمت نے رحیم یارخان وپشاورکے اسپتالوں کو وینٹی لیٹرز وطبی آلات فراہم کردیے

40677

کراچی(اسٹاف رپورٹر)الخدمت نے ملک میں کورونا وائرس کے سبب ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ملک بھر میں اپنے 10اسپتالوں کو سہولتوں کی فراہمی کے سلسلے میں الخدمت رحیم یارخان اورپشاورکے اسپتالوں کو 3وینٹی لیٹرز،3پیشینٹ مانیٹراورپی پی ای(PPE)کٹ سمیت دیگر طبی آلات روانہ کردیے ہیں۔

طبی آلات نیشنل ڈائریکٹر ڈائیگنو سٹک سروسز انجینئر صابر احمد کی نگرانی میں روانہ کیے گئے۔دوسری جانب الخد مت کی جانب شہرکے مختلف علاقوں میں سے یومیہ اجرت کمانے والے اور سفید پوش افراد میں بڑی تعداد میں راشن،پکا پکایا کھانا اورتازہ سبزیاں تقسیم کی گئیں۔

اس موقع پر انجینئر صابر احمد نے کہا کہ الخدمت نے اس سے قبل بھی وینٹی لیٹرزودیگر سامان اپنے اسپتالوں کو روانہ کیا تھا اوریہ اس سلسلے کی آخری کھیپ تھی۔انہوں نے کہا کہ ایک ہفتے کے اندرہم نے الخدمت کے 10اسپتالوں کو آئسولیشن وارڈ کے طور پر ڈیکلیر کیا تھا،جہاں وینٹی لیٹرز کا انتظام کیا گیا تھا تاہم یہ ایک بڑاآپریشن تھا جو مکمل ہوگیا ہے۔

دریں اثنا ایگزیکٹو ڈائر یکٹر راشد قریشی نے کہا کہ الخدمت بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔کورونا وائرس کی وجہ سے کمزورطبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے۔مخیر حضرات الخدمت کے ساتھ تعاون کریں۔