اسلام آباد ہائیکورٹ :ایران میں پھنسے زائرین کو واپس لانے کی درخواست مسترد

224

اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایران میں پھنسے زائرین کو پاکستان واپس لانے کے لیے مجلس وحدت المسلمین کی جانب سے دائر درخواست خارج کر دی ہے۔ بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اﷲ نے ایران میں پھنسے زائرین کو پاکستان واپس لانے کے لیے مجلس وحدت المسلمین کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ حکومت پر اعتماد کریں، پارلیمنٹ اور ایگزیکٹو موجود ہیں، متعلقہ فورم پر رجوع کریں، یہ اخذ نہ کریں کہ حکومت کچھ نہیں کررہی۔ دوران سماعت وکیل درخواست گزار نے دلائل دیے کہ ایران میں ہزاروں پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں اور ان کے ویزے بھی ختم ہوچکے ہیں جس پر چیف جسٹس اطہر من اﷲ نے ریمارکس دیے کہ یہ بین الاقوامی سطح کا مسئلہ ہے، عدالت ان معاملات میں مداخلت نہیں کرسکتی، آپ متعلقہ فورم سے رجوع کریں، یہ اخذ نہ کریں کہ حکومت کچھ نہیں کر رہی۔ چیف جسٹس اطہر من اﷲ نے درخواست گزار کے
وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے مزید ریمارکس دیے کہ یہ معاملہ پارلیمنٹ اور وزارت خارجہ کا ہے، عدالتوں کا نہیں، موجودہ حالات میں عدالت کسی بھی تنازع یا بحث میں نہیں پڑے گی۔، ہم یہ درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کرتے ہیں۔