قوم کوبھکاری بنانے کے بجائے مہنگائی ختم کی جائے، اسداللہ بھٹو

402
کراچی: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسداللہ بھٹو اور محمد حسین محنتی راشن پیکنگ کا جائزہ لے رہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان وسابق رکن قومی اسمبلی اسداللہ بھٹو نے کہا ہے کہ لاک ڈائون میں قوم کو بھکاری بننے پر مجبور کرنے کے بجائے حکومت پیٹرول،ڈیزل کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کرے،بجلی وگیس کے بل معاف اور روز مرہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر کنٹرول کیا جائے، کورونا وائرس پوری انسانیت کے لیے وارننگ اور قوم کے لیے آزمائش ضرور ہے مگر حکومت ومیڈیا اس کو خوف وافراتفری کا سبب نہ بنائے، حکومت کے اعلان کردہ اسکیموں کے شفاف ہونے کی ضرورت ہے کیونکہ امدادی کاموں میں کرپشن کی تاریخ موجود ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی امیر محمد حسین محنتی کے ساتھ جماعت اسلامی ضلع قائدین کے تحت مستحقین کے لیے جمع ہونے والے راشن ودیگر سامان کے معائنے کے موقع پر کیا۔ قیم ضلع سلیم عمر نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ الخدمت کے رضاکاردن رات اپنے متاثرہ بھائیوں کی امداد میں مصروف ہیں،الخدمت کے رضاکار پہلے مستحق افراد کا سروے اور پھر اپنے علاقوں میں جاکر مستحقین کے گھروں پر راشن پہنچاتے ہیں تاکہ عزت نفس مجروح کیے بغیر اصل مستحقین تک امداد پہنچ سکے۔ جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے الخدمت رضاکاروں کے خدمت خلق والے جذبے کی تحسین کرتے ہوئے کہا کہ کوروناوائرس کی وجہ اور لاک ڈائون کے نتیجے میں لوگ فاقہ کشی اور گداگری کرنے پر مجبور ہیں، خاص طور پر سفید پوش طبقہ سخت آزمائش سے دوچار ہے، ملک اس وقت نازک صورتحال سے دوچار ہے، جس کی وجہ سے حکمرانوں کا فرض ہے کہ وہ ملک میں قومی یکجہتی کی فضا کو برقرار، امدادی اسکیموں کو شفاف وغیر سیاسی بنانے کے لیے واضح اقدامات کیے جائیں۔ملک کی تمام دینی وسیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے ،پارٹی نوازی کے بجائے پاکستان نوازی کو ترجیح دی جائے،حکومت ومیڈیا صر ف خوف پھیلانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے جبکہ رجوع الی اللہ اور احتیاطی تدابیر سے خیروامید کے پہلو کو بھی اجاگر کیا جائے تاکہ لوگوں کے اندر اس مہلک وباکے معاملے میں حوصلے کے ساتھ اللہ پر توکل اور امید پر زندگی گزار سکیں۔