الخدمت کے تحت تھیلے سیمیا بچوں کیلیے بلڈ بینک کا انعقاد

243

حیدرآباد(نمائندہ جسارت)الخدمت فاؤنڈیشن ضلع حیدرآباد کے تحت لاک ڈاؤن کی وجہ سے تھیلے سیمیا کے بچوں میں خون کی کمی کو دور کرنے کے لیے الخدمت اسپتال مدر اینڈ چائلڈ کیئر لطیف آباد میں ایک بلڈڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا ۔ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بالخصوص نوجوانوںنے بڑی تعداد میں خون کے عطیات دیے۔ سرپرست اعلی الخدمت فائونڈیشن اورامیر جماعت اسلامی حیدرآباد حافظ طاہر مجید نے بلڈڈونیشن کیمپ کے دورے کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ الخدمت اور جے آئی یوتھ کے نوجوان نے انسانیت کی خدمت کا جو بیڑا اٹھایا ہے وہ قابل قدر اور لائق تحسین ہے۔ تھیلیسیمیا کے وہ بچے جن کی زندگی کا انحصار ہی بلڈ ٹرانسفر پر ہے لاک ڈاؤن اور کورونا وائرس کی وجہ سے خون نہ ملنے سے سخت مشکلات سے دوچار ہیں۔ ہم نے تھیلی سیمیا کے بچوں میں خون کی ضروویات کو پورا کرنے کے لیے یہ کیمپ لگایا ہے جہاں ہر طرف کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن سے عوام پریشان ہے لیکن اس کے باوجود نوجوانوںنے اپنے وقت کی قربانی دے کر انسانیت کی خدمت کا جو بیڑا اٹھایا ہے وہ قابل ستائش ہے جماعت اسلامی اس کار خیر کے لیے الخدمت کے رضاکاروں کو مبارک باد پیش کرتی ہے۔ دکھی اور مصیبت زدہ افراد کی خدمت ہی انسانیت کی معراج ہے۔ ہم اگر عطیہ خون کے رجحان کو فوغ دینے کے لیے مشترکہ کوشش کریں تو کسی ضرورت مند کو ایک بوتل خون کے لیے پریشان نہ ہونا پڑے۔ تھیلی سیمیا کے بچوں کو خون فراہم کرنے کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ اس موقع پر صدر الخدمت حیدرآباد ڈاکٹر سیف الرحمان‘جنرل سیکرٹری نعیم عباسی‘ سلیم خان‘ سید ناصر علی کاظمی اور انچارج الخدمت مدر اینڈ چائلڈ کیر اسپتال فرقان حفیظ بھی موجود تھے ۔