حیدرآباد بینک افسر میں کورونا وائرس کی تصدیق‘ عملے کو قرنطینہ کردیا گیا

170

حیدرآباد(نمائندہ جسارت) شاہراہ فاطمہ جناح پر واقع نیشنل بینک کی ریجنل برانچ میں ایک افسر میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد عملے کے درجنوں دیگر افراد کو بھی قرنطینہ میں داخل کرا دیا گیا۔ محکمہ صحت کے مطابق بینک عملے کے 65 افراد کو نجی اسپتال میں قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ 29 مارچ کو بینک کے ایک افسر میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔ بینک افسر میں کورونا وائرس سامنے آنے پر 30 مارچ سے بینک بند کر دیا گیا تھا۔ علاوہ ازیںنیشنل بینک فاطمہ جناح برانچ کو سیل کرنے کے بعد فاطمہ جناح اور دیگر برانچزکے تنخوہ دار سرکاری ملازمین اور پینشنرزنے شہباز بلڈنگ حیدرآباد کی برانچ کا رخ کرلیا ہے جس کے بعد یہ برانچ مچھلی مارکیٹ کا منظر پیش کرنے لگی ہے۔ لمبی قطاریں لگی رہتی ہیں جس سے کورونا وائرس کا خطرہ بڑھ گیاہے۔علاوہ ازیں حیدرآباد میں کورونا وائرس کے مزید3 کیس سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد131ہوگئی جن میںتبلیغی مرکز اور کوہسار اسپتال قرنطینہ کا عملہ بھی شامل ہے۔ کوہسار جانے والے راستوں کو بند کیے جانے سے یہاں کے مکینوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔گزشہ روز قاسم آباد مسجد نور کے تبلیغی مرکز میں 116افراد میں کورونا وائرس ظاہر ہونے اورسکھر سے کورونا کے متاثرہ زائرین کو کوہسار اسپتال کے قرنطینہ میں شفٹ کرنے کے بعداسپتال کے ایم ایس سمیت عملے کے دیگر7افراد میں کورونا وائرس ظاہر ہوا تھا جس کے بعد کوہسار قرنطینہ جانے والے راستوں کو سیل کردیا گیا تھا۔