امریکا: عوامی جائزے میں جوبائیڈن کی ٹرمپ پر برتری

292

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک)امریکا کے سابق نائب صدر اور ڈیموکریٹ پارٹی کے نامزد صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے صدر ٹرمپ پر 6پوائنٹ کی برتری حاصل کرلی۔ خبررساں ادارے رائٹرز کی جائزہ رپورٹ کے مطابق 46 فیصد رجسٹرد ووٹرز نے جوبائیڈن کی حمایت کی، جب کہ 40فیصد افراد کا کہنا تھا کہ وہ صدر ٹرمپ کو ووٹ دیں گے۔کورونا وائرس کی باعث جوبائیڈن کی انتخابی مہم بری طرح متاثر ہوئی تھی،جب کہ صدر ٹرمپ روزانہ کی بنیاد پر وائٹ ہاؤس سے جاری بیانات کے ذریعے اپنی مہم چلارہے تھے۔ مبصرین نے ان حالات میں بائیڈن کی سبقت کو بہت اہم قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ رائٹرز کے تحت ہونے والا سروے 30اور 31مارچ کو کیا گیا تھا،جس میں ایک ہزار 114افراد نے اپنی رائے کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے امریکا میں سیاسی سرگرمیاں ماند ہیں، تاہم ڈیموکریٹک پارٹی اور ریپبلکن پارٹی سوشل میڈیا پر سرگرم ہیں ۔ صدر ٹرمپ اور جو بائیڈن سوشل میڈیا پر ایک دوسرے پر تنقید کا موقع نکال ہی لیتے ہیں اور یوں ان کی انتخابی مہم جاری ہے۔ پیر کے روز ٹرمپ نے فاکس اینڈ فرینڈز کے پروگرام میں کہا کہ اگر جوبائیڈن صدر ہوتے تو ان کو کورونا وائرس کے بارے کچھ سمجھ میں بھی نہیں آتا۔ ادھر جو بائیڈن نے اپنے گھر میں عارضی اسٹوڈیو بنارکھا ہے، جہاں سے وہ ٹاؤن ہال جلسے اور ٹی وی انٹرویو دیتے ہیں۔ وہ جولائی میں اپنی پارٹی کی جانب سے حتمی نامزدگی کے لیے بھی کام کر رہے ہیں، کیوں کہ ابھی تک ان کے واحد حریف برنی سینڈرز میدان میں ہیں۔