تبلیغی جماعت کو کورونا کے پھیلائو کا ذمہ دار ٹھہرانا سازش ہے،علمائے کرام

296

کراچی(صباح نیوز) جمعیت علمااسلام صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو اورجامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے ملک بھر میں تبلیغی مراکز کیخلاف مذموم پروپیگنڈے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تبلیغی جماعت کے اراکین امن و آشتی کے سفیر ہیں۔ ان کیخلاف سازشیں کامیاب ہونے نہیں دیں گے ، تبلیغی جماعت کے مراکز اور اراکین کو وبائی مرض کے پھیلاؤ کا ذمے دار ٹھہرانا افسوسناک اور نفرتوں کو فروغ ہے کورونا تبلیغی جماعت کی وجہ سے نہیں حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے پھیل رہاہے ، ملک دشمن عناصر وباء کو فرقہ واریت پھیلانے کے مذموم مقاصد کیلیے استعمال کرنا چاہتے ہیں ۔جمعیت علمااسلام صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کہا،مولانا راشد محمود سومرو کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کو رات کی تاریکی میں مختلف تبلیغی مراکز کی جانب منتقل کرتے دیکھا گیا ہے ، اگر یہ سچ ہے تو حکومت واضح کرے کہ یہ بھونڈی حرکت کس کے ایماپر کی جارہی ہے؟ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات محمد سمیع الحق سواتی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مولانا راشد سومرو نے کہا کہ جمعیت علمااسلام صوبہ بھر میں حکومت کیساتھ مکمل تعاون کررہی تبلیغی حیدرآباد تبلیغی مرکز میں صوبائی سیکرٹری اطلاعات مولانا تاج محمد ناہیوں اور لاڑکانہ مرکز میں ضلعی امیر مولانا ناصر محمود سومرو نے جمعیت علماء اسلام کی جانب سے انتظامیہ اور تبلیغی مراکز کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہوئے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام گھروں تک محدود رہیں، باجماعت نمازیں مختصر کریں، عوام الناس علماء کرام کیساتھ تعاون کریں، وفاق و صوبائی حکومت کو مسائل کی روک تھام کیلیے سنجیدہ اقدامات اٹھانے ہوں گے، عوام گھروں میں قید ہو کر فاقوں کی زندگی بسر کررہی ہے۔مولانا راشد محمود سومرو نے جے یو آئی، جے ٹی آئی اور انصار الاسلام کی ذیلی تنظیموں کی جانب سے سندھ بھر میں لاک ڈاؤن سے متاثرہ مستحقین میں امدادی سرگرمیوں کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے ذمہ داران و کارکنان نے بے سروسامانی کے عالم میں دکھی انسانیت کی خدمت کرکے انسان دوستی کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے،جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے اپنے ایک بیان میںکہاکہ تبلیغی جماعت کیخلاف پروپیگنڈے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ،۔ مفتی محمدنعیم نے کہاکہ تبلیغی جماعت پوری دنیا میں صبر وبرداشت کے ساتھ اسلام کی دعوت تبلیغ کا منظم نیٹ ورک ہے جو دنیا کے طول وعرض میں پھیل چکا ہے اس جماعت کی محنت سے کئی بڑی بڑی شخصیات اسلام کی طرف راغب ہوئی ہیں ، پوری دنیا سرجورڑ کر کرونا وبا کی روک تھام کیلیے کوشاں نظر آرہی ہے بڑی بڑی سپر طاقتیں اور ٹیکنالوجی رکھنے والے ممالک بھی عاجز آ چکے ہیں ایسے میں وطن عزیز کے نوجوانوں میں مسلکی تعصب بھرنے کیلیے فرقہ واریت کو ہوادینے کیلیے استعمال کیاجارہاہے جو قابل تشویش اور افسوسناک ہے ،انہوں نے کہاکہ حکمران اپنی کوتائیوں کو چھپانے کیلیے تبلیغی جماعت کو مورد الزام نہ ٹھہرائیں اور تبلیغی جماعت کے ارکان کیخلاف جو ناروا سلوک کیا جارہاہے اسے ختم کیا جائے ،انہوںنے کہاکہ پوری دنیا تبلیغی جماعت کی قانون پر پابندی اور ریاست کی پاسداری کی مثالیں دیتی ہیں یہاں کہا جارہاہے کہ تبلیغی جماعت کی وجہ سے کرونا کی وبا پھیلی ہے ،کرونا کی وبا تبلیغی جماعت کی وجہ سے نہیں بلکہ حکمرانوں کی نااہلی سے پھیلی ہے ۔۔ دریں اثناء مولانا راشد محمود سومرو نے حکومت، مخیر حضرات اور رفاہی اداروں سے اپیل کہ وہ اس کڑے امتحان میں جمعیت علماء اسلام کے ذمے داران کے ساتھ تعاون کریں تاکہ سفید پوش ضرورت مندوں کو ان کی دہلیز پر ضروریات زندگی مہیا کی جاسکیں۔