لاک ڈاؤن میں 14اپریل تک توسیع، سندھ میں نماز جمعہ سے روکنے کیلیے سختی کافیصلہ(متاثرین کی تعداد2121)

619

کراچی /اسلام آباد /لاہور/پشاور/کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر+نمائندگان جسارت +مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت نے لاک ڈائون میں 14 اپریل تک توسیع کا اعلان کردیا جبکہ سندھ حکومت نے جمعہ کے روز مزید سختی کرتے ہوئے دن 12بجے سے سہ پہر 3بجے تک مکمل لاک ڈائون کا فیصلہ کیا ہے ، ملک میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہاہے مریضوں کی تعداد 2121سے تجاوز کر گئی ہے اورمزید 2افراد کی ہلاکت کے بعد اموات کی تعداد28تک جا پہنچی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی اسد عمر نے وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں سے متعلق پریس بریفنگ میں بتایا کہ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 2 ہفتے تک بندشیں جاری رکھی جائیں گی تاہم ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ بحال رہے گی۔اسد عمر نے کہا کہ کھانے پینے کی اشیا،ادویات کی دکانیں کھلی رکھنابہت ضروری ہے۔ صوبوں کے وفاق سے مؤثر روابط کے ذریعے صورت حال سے نمٹنے میں آسانی ہوگی۔ تمام حکومتوں نے کورونا کو پھیلنے سے روکنا ہے۔غریب طبقے کااحساس حکومت کی ذمے داری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ بندشوں سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی ہوئی ہے،14 اپریل سے پہلے موجودہ بندشیں کم یا زیادہ کرنے کا فیصلہ کرلیں گے۔ کھانے پینے کی اشیا اورادویات کی دکانیں کھلی رکھنا بہت ضروری ہے۔ صوبوں کے وفاق سے موثر روابط کے ذریعے صورت حال سے نمٹنے میں آسانی ہوگی۔ تمام حکومتوں نے کورونا کو پھیلنے سے روکنا ہے۔غریب طبقے کا احساس حکومت کی ذمے داری ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام پروازیں ایک ساتھ بحال نہیں کی جائیں گی۔ 4اپریل کو بیرون ملک سے ایک پرواز اسلام آباد آئے گی۔ مسافروں کو ائرپورٹ پرقرنطینہ میں رکھ کر ٹیسٹ کیا جائے گا۔ اندرون ملک پروازیں تاحکم ثانی بند رہیں گی۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی پروازیں بیرون ملک میں پھنسے مسافروں کو لائیں گی۔ بیرون ملک پھنسے 2 ہزار کے قریب پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے4سے11اپریل کے دوران 17 پروازیں چلیں گی۔اس موقعے پر ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ بائیومیٹرک حاضری کا استعمال ترک کر دیا جائے۔ پاکستان میں مشتبہ کیسزکی تعداد 17ہزار331 ہے۔ 24گھنٹے میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں تعمیراتی صنعت ، فوڈ فیکٹریز، ادوایات بنانے والے ادارے کھولنے اور زرعی آلات کے نقل و حرکت سے متعلق غور کیا گیا جبکہ چیئرمین این ڈی ایم اے نے ٹیسٹنگ کٹس اور دیگر آلات کی درآمد سے متعلق کمیٹی کو بریفنگ دی۔دوسری جانب سندھ حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جمعے کو دن 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا۔ ترجمان سندھ حکومت کے مطابق نماز جمعہ کے اجتماعات کو محدود کرنے کے فیصلے سے علما متفق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعے کو دن 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ پورے صوبے کے لیے کیا گیا ہے اور اس دوران کاروباری مراکز بھی مکمل بند رہیں گے۔ادھرملک میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے ،مزید نئے کیسز سامنے آنے سے تعداد 2 ہزار 121 تک جا پہنچی ہے جبکہ اب تک اس عالمی وبا سے 28 افراد انتقال کرچکے ہیں۔وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کراچی میں مزید 33 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 709 ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں اس وقت 307 کورونا متاثرین زیر علاج ہیں، حیدر آباد میں متاثر ہونے والوں کی تعداد 128 ہے جبکہ جیکب آباد اور دادو سے ایک، ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔انہوں نے کراچی میں کورونا وائرس سے ایک اور ہلاکت کی بھی تصدیق کی۔انہوں نے کہا کہ 59 سالہ شخص کو 19 مارچ کو سعودی عرب سے واپسی پر اسپتال داخل کرایا گیا تھا جہاں ان میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ مریض کو سانس کی بیماری تھی اور وہ پہلے دن سے وینٹی لیٹر پر تھے۔سندھ میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔پنجاب میں مزید 40 کیسز سامنے آنے سے صوبے میں متاثرین کی تعداد 748 تک پہنچ گئی۔ترجمان محکمہ صحت قیصر آصف نے ان نئے کیسز کی تصدیق کی ۔یکم اپریل کو ہی راولپنڈی میں کورونا وائرس سے ایک اور شخص انتقال کرگیا۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی انوارالحق نے مذکورہ موت کی تصدیق کی اور بتایا کہ 85 سال شخص 21 مارچ کو برطانیہ سے واپس آیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ مریض کا انتقال گزشتہ رات کو ہوا لیکن ان کے نتائج آج آئے جو مثبت تھے۔حکومتی سطح پر اعداد و شمار بتانے کے لیے قائم کی گئی ویب سائٹ پر اسلام آباد میں کیسز کی تعداد کو کم کردیا گیا۔اس سے قبل گزشتہ روز تک سرکاری ویب سائٹ پر اسلام آباد میں 58 افراد متاثر تھے تاہم آج ان کیسز کو 54 کردیا گیا۔ہیلتھ ڈائریکٹریٹ کورونا وائرس سیل بلوچستان کے ترجمان نے صوبے میں مزید 6 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی۔انہوں نے کہا کہ اس اضافے کے بعد صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 164 ہوگئی ہے۔علاوہ ازیں گلگت بلتستان کے کیسز میں ویب سائٹ کے مطابق اضافہ دیکھا گیا اور یہ تعداد 148 سے بڑھ کر 184 تک جا پہنچی۔آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد9 ہوگئی۔آزاد کشمیر کے وزیر صحت نے کیسز کی تصدیق کی جبکہ ڈپٹی کمشنر سردار خالد محمود نے بتایا کہ کورونا کے 2 مریضوں کا تعلق بھمبر سے ہے جن میں سے ایک 12 سال کی بچی اور ایک برطانیہ سے آنے والا شہری وائرس میں مبتلا ہے۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق تراڑ کھل سندھوتی میں بھی ایک شخص میں کوروناکا ٹیسٹ مثبت آیاہے۔