بورڈنگ سے قبل مسافروں کوجراثیم سے پاک کیا جائے ‘ سول ایوی ایشن

277

کراچی (اسٹاف رپورٹر )وفاقی حکومت کی جانب سے جزوی طور پر عالمی پروازیں شروع کرنے کی اجازت دینے کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی نے گائیڈلائنز جاری کی ہیں جو 4 اپریل تا 11 اپریل مؤثر ہوں گی ۔ اس ہدایت نامے کے تحت بورڈنگ سے قبل مسافروں کوجراثیم سے پاک کیا جائے گا اور اس کا لاگ بک میں اندراج بھی کیاجائے گا ۔ پاکستان آنے والے تمام مسافروں سے جہاز میں سوار ہونے سے قبل ہی ہیلتھ کارڈ لازمی بھروایا جائے گا ، اسی طرح بورڈنگ سے قبل ان کی تھرمل اسکیننگ بھی کی جائے گی ۔ جہاز میں نشستیں خالی ہونے کی صورت میں مسافروں کو ایک سیٹ چھوڑ کر نشستیں الاٹ کی جائیں گی ۔ مسافروں کے لیے لازمی ہوگا کہ پرواز کے دوران مسلسل سرجیکل ماسک پہنے رہیں ، اپنی سیٹ پر بیٹھیں اور بلاجواز حرکت کرنے سے باز رہیں ۔ تمام کاک پٹ اور کیبن کریو کے لیے بھی لازمی ہوگا کہ وہ دوران پرواز مسلسل سرجیکل ماسک پہنیں ۔ کیبن کریو مسافروں کو ہر آدھے گھنٹے بعد سینی ٹائزر دے گا تاکہ وہ جراثیم سے پاک ہوسکیں ۔ کھانا اور مشروبات ڈھائی گھنٹے یا طویل پرواز کی صورت میںہی دینے کی اجازت ہوگی ۔دوران پرواز اگر کسی مسافر میں بیماری کی علامات ظاہر ہوں تو اس قطار کو مسافروں سے خالی کروالیا جائے گا ۔ ایسے مسافر کو اس کی نشست تک محدود رکھا جائے گا اور اسے لینڈنگ سے قبل تک نشست سے ہلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ بورڈنگ کے بعد کیبن کریو ہر ائرکرافٹ زون کی تصویر اتارے گا جس میں واضح ہوگا کہ تمام مسافروں نے ماسک اور دستانے پہن رکھے ہیں ۔یہ تصاویر فضائی کمپنی بھی محفوظ رکھے گی اور متعلقہ ایوی ایشن اتھارٹی کو بھی واٹس اپ کی جائیں گی ۔ طیارے سے ایک ایک قطار کو باہر آنے کی اجازت دی جائے گی تاکہ مسافروں کے درمیان مناسب فاصلہ برقرار رہے ۔