سندھ حکومت کا جمعے کو پابندیاں سخت کرنے کا فیصلہ

116093

کورونا وائرس سے بچاؤ کےلیے سندھ حکومت نے جمعے کو دن 12بجے سے ہی مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیاہے۔

ترجمان سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ جمعے کو لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے کا مقصد نماز جمعہ کے اجتماعات میں نمازیوں کی تعداد کو کم کرناہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نمازجمعہ کے اجتماعات کو محدودکرنے کے لیے علماء نے یقین دہانی کرائی تھی کہ مساجد میں نمازیوں کی تعداد کم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

ترجمان سندھ حکومت کا مزیدکہنا تھا کہ جمعے کودن 12بجے سے3بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کیا جائے گا، جس میں بازار سمیت تمام مراکز بند رہیں گے۔

یاد رہے کہ گذشتہ جمعے کو حکومت کی جانب سے مساجد بندکرانے کے بعد بھی چند مساجد میں جمعے کے اجتماعات منعقد ہوئے تھے ، جس کے بعد متعلقہ تھانے کی پولیس نے ان مساجد کے آئمہ کرام کو گرفتار کرکے آیف آئی آر درج کرلی تھی۔

جبکہ گذشتہ دنوں وزیر اعلی سندھ نے علماء کرام سے ملاقات کرکے ایف آئی آر واپس لینے کا حکم دیا تھا ، جس کے بعد علماء نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔

واضح رہے کہ سندھ میں کورونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 676ہوگئی ہے، جبکہ گذشتہ روز آٹھ افراد صحت یا ب ہوگئے تھے۔