کراچی یونیورسٹی میں بھارتی خفیہ ایجنسی “را” کا نیٹ ورک پکڑا گیا

1276

کراچی :کراچی یونیورسٹی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے چھاپہ مار کر بھارتی خفیہ ایجنسی را کا نیٹ ورک پکڑ لیا ہے، دفتر سے اسلحہ، موبائل فون اور لیپ ٹاپ برآمد کرلیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی میں پولیس نے را کے گرفتار تین ملزمان کی نشاندہی پر کراچی یونیورسٹی کے ایک ڈپارٹمنٹ کے دفتر پر چھاپہ مارا، جس میں ایف آئی اے اور حساس ادارے کے اہلکار بھی شریک تھے۔

کارروائی کے دوران دفتر سے ملک کے خلاف لٹریچر بھی برآمد کیا گیا ہے۔ دفتر میں موجود کمپیوٹرز اور لیپ ٹاپ سے بھارت سے آنے والی ای میل بھی چیک کی گئیں، جس میں ملک میں دہشت گردی اور افرا تفری پھیلانے کے احکامات دیئے گئے تھے۔

دفتر میں رکھی گئی مشین گن اور دو ٹی ٹی پستول بھی برآمد کیئے گئے ہیں۔ حساس اداروں نے گرفتار ملزمان کے گھر پر بھی چھاپے مارےگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق برآمد ہونے والے لیپ ٹاپ اور کمپیوٹرز کو تحقیقات کے لیئے ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا ہے اور ملزمان کو مزید تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔