ٹوکیو اولمپکس کی نئی تاریخوں کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں،میجر جنرل(ر)محمد اکرم ساہی

206

اسلام آباد (جسارت نیوز) پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل (ر) محمد اکرم ساہی نے جاپان میں ٹوکیو اولمپکس گیمز 2020ء کو آئندہ سال 23 جولائی سے 18 اگست تک منعقد کروانے حوالے سے عالمی اولمپک کمیٹی کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے، گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں کورونا وائرس کے باعث عالمی اولمپک کمیٹی کی جانب سے ٹوکیو اولمپکس گیمز 2020ء کو ایک سال کیلئے ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس فیصلے کو دنیا کے کھلاڑیوں نے سراہا تھا۔ اب اولمپکس گیمز آئندہ سال 23 جولائی سے 18 اگست تک جاپان کے شہر ٹوکیو میں ہی منعقد ہونگے۔ اکرم ساہی نے کہا کہ ٹوکیو اولمپک گیمز منعقد کروانے سے مزید کورونا وائرس پھیل سکتا تھا، عالمی اولمپک کمیٹی کا یہ فیصلہ انسانیت کی زندگیاں بچانے کے حق میں ہے اور پوری دنیا کے کھلاڑی گیمز ملتوی کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہیں۔ یاد رہے کہ ٹوکیو اولمپک گیمز 24 جولائی سے 9 اگست تک کھیلا جانے تھے اور اس گیمز کی میزبانی آج سے7 سال قبل 7 ستمبر 2013ء کو جاپان کو سونپی گئی تھی۔ ایک سوال کے جواب میں اکرم ساہی نے کہا کہ اولمپک گیمز کے ایک سال ملتوی ہونے سے ہمارے جیولین تھرو کے کھلاڑی ارشد ندیم کو مزید تربیت کا موقع مل گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم کو بیرون ملک تربیت کے لئے ہماری 3ممالک سے بات ہوگئی تھی جن میں فن لینڈ سرفہرست تھا جس میں جیولین تھرو کا دنیا کا سب سے بڑا سنٹر ہے اس کے بعد قازقستان اور ترکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کورونا وائرس کی وباء کے باعث ارشد ندیم کو تربیت کیلئے اس وقت بیرون ملک بھیجنابہت مشکل کام ہے کورونا وائرس پر قابو پانے کے بعد ہر صورت ارشد ندیم بیرون ملک تربیت کیلئے بھیجا جائیگا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم سمیت 5 اتھلیٹک کھلاڑیوں کو دو ماہ کیلئے 27 دسمبر سے 27 فروری تک جدید اور اعلی تربیت کیلئے چین بھیجا گیا تھا لیکن کورونا وائرس کے باعث وہاں پر یہ کھلاڑی اپنی تربیت کو زیادہ دیر برقرار نہ رکھ سکے۔ اب ہمارے پاس تیاری کیلئے مزید ایک سال کا وقت درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی وباء سے قبل ارشد ندیم پنجاب سٹیڈیم لاہور میں اپنے کوچ سید فیاض بخاری کی زیرنگرانی پریکٹس کر رہا تھا لیکن اب انڈور تربیت حاصل کر رہا ہے۔