کورونا وائرس، تھرو بال کھیل کی تمام سرگرمیاں روک دی گئیں

259

اسلام آباد (جسارت نیوز) عالمی تھرو بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل مقبول آرائیں نے کہا ہے کہ دنیا میں کورونا وائرس کے پھیلائو کے پیش نظر عالمی تھرو بال فیڈریشن نے اپنی تمام کھیلوں کی سرگرمیاں روکنے کا اعلان کر دیا ہے، گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا میں کورونا وائرس کی وباء پھیلنے کے باعث عالمی تھرو بال فیڈریشن نے تمام منسلک رکن ممالک کو اپنی اپنی قومی اور بین الاقوامی تھروبال کی سرگرمیاں معطل کرنے کی اپیل کی ہے جبکہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے بھی تمام کھیلوں کی سرگرمیاں کو منعقد کروانے پر پابندی لگا دی ہے اور ٹوکیو اولمپک گیمز کو بھی ایک سال کے لئے ملتوی کردیا گیا ہے۔ مقبول آرائیں نے کہا کہ تھرو بال کے بین الاقوامی سطح پر منعقد ہونے والے 6پروگرام تھے جن میں انٹرنیشنل تھرو بال چیمپئن شپ 16 سے 18 اپریل تک لندن، برطانیہ میں کھیلی جانی تھی جبکہ عالمی تھرو بال فیڈریشن کی جنرل کونسل کا اجلاس 15 اپریل کو انگلینڈ میں ہونا تھا اور اسی طرح پہلی سائوتھ ایشین تھرو بال چیمپئن شپ 16 سے 18 مئی تک نیپال میں، انٹرنیشنل تھروبال چیمپئن شپ 26 سے 30 جون تک باکو آزربائجان میں منعقد ہونی تھی، 2 روزہ انٹرنیشنل تھرو بال سیمینار 15 سے 16 اگست کو ملائیشیا میں نہیں ہوگا اور ایشین تھروبال چیمپئن شپ 26 سے 28 دسمبر تک کوالالمپور ملائیشیا میں کھیلی جانی تھی۔