مصباح الحق نے پی ایس ایل کے باقی میچز کرانے کی حمایت کردی

186

کراچی(اسٹاف رپورٹر)قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ وچیف سلیکٹر مصباح الحق نے پاکستان سپر لیگ کے باقی میچز کرانے کی حمایت کردی. پی ایس ایل کے 5ویں ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ کے فرائض انجام دینے والے مصباح الحق نے کہا کہ پلے آف میچز ہوں تو زیادہ مزہ آئے گا، ٹرافی کا فیصلہ کیے بغیر درمیان میں ایونٹ نہیں چھوڑنا چاہیے، جب بھی ممکن ہوتو ان میچز کو کرایا جاسکتا ہے۔قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر نے کہا کہ تمام فرنچائزز اور پی سی بی نے سب اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے اس بات کا تعین کرنا ہے کہ پی ایس ایل کے میچز کے بارے میں کیا فیصلہ کیا جائے ، ایونٹ شروع ہونے سے پہلے کسی کے ذہن میں نہیں تھا کہ ایسے حالات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، بطور کوچ اور کرکٹر میری خواہش ہے کہ جس طرح پہلے میچز سے شائقین لطف اندوز ہورہے تھے، اسی طرح باقی میچز بھی لوگوں کو دیکھنے کا موقع مل سکے، سنسنی خیزمیچز ہی اس میگا ایونٹ کی خوبصورتی ہے۔