شہری رجوع الیٰ اللہ اور حفاظتی تدابیر یقینی بنائیں‘ حافظ نعیم الرحمن

335

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ شہری کورونا وائرس سے بچنے کے لیے حفاظتی تدابیر کے ساتھ ساتھ رجوع الی اللہ کو یقینی بنائیں،کورونا وائرس ایک آزمائش ہے ، گھبرانے کے بجائے استقامت سے کام لیں، جماعت اسلامی اور الخدمت شہریوں کو کورونا وائرس سے بچانے اور ان کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہی ہیں ،شہر میں لاک ڈائون کی وجہ سے بے روزگار ہونے والے مزدور اور دیہاڑی دار افراد شدید ذہنی و مالی مشکلات کا شکار ہیں ،حکومت کی جانب سے اعلانات کیے جارہے ہیں لیکن کوئی عملی اقدامات نظر نہیں آرہے ،جماعت اسلامی محدود وسائل اور بغیر اقتدار کے عوام کو کورونا وائرس سے بچانے کے لیے اس کی تشخیص، حفاظتی تدابیر کے لیے استعمال ہونے والے فیس ماسک اور سینی ٹائزر عوام کو فری فراہم کررہی ہے، جماعت اسلامی کی جدوجہد کا بنیادی مقصد خدمت خلق اور قرآن و سنت کا نفاذ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع غربی کے تحت کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کے لیے ’’الخدمت کچن‘‘کا دورہ اور رضاکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نائب امیر کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی، سیکرٹری کراچی عبد الوہاب ، امیر جماعت اسلامی ضلع غربی محمد اسحق خان ،نائب امیر ضلع فضل احد حنیف ودیگر بھی موجود تھے۔محمد اسحاق خان نے حافظ نعیم الرحمن کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ ضلع غربی کے تحت روزانہ 700 سے زاید گھرانوں کے لیے 2 وقت کا کھانا تیار کیا جارہا ہے ، اس کے علاوہ راشن کی تقسیم، پبلک مقامات پر جراثیم کش اسپرے سمیت ماسک کی تقسیم بھی جاری ہے،کھانے کی تیاری اور پیکنگ میں الخدمت کے 50 رضاکار مستقل مصروف ہیں،یہ کھانا قریب کی غریب آبادیوں گوٹھوں اور کچی بستیوں میں تقسیم کیا جارہا ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ جے آئی یوتھ کے نوجوان اور الخدمت کے رضاکار خراج تحسین کے مستحق ہیں کہ جو گھر گھر جاکر متاثرین کی امداد کرنے میں مصروف ہیں ،کارکنان دعوتی حیثیت سے کام کریں ، شہریوں کو قرآن و سنت کے نظام کی جانب راغب کریں جب تک اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام نافذ نہیں ہوجاتا تو یقینا اس طرح کی آزمائشوں کا سامنا کرنا پڑے گا ۔