ایمرجنسی فنڈ:سندھ میں حکومتی عہدیدار وملازمین سے ایک ارب حاصل ہوں گے

322

کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) حکومت سندھ نے صوبے کے تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں سے کورونا ایمرجنسی فنڈز کی کٹوٹی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ یہ کٹوتی مارچ کی تنخواہوں سے کی جائے گی۔ اس ضمن میں حکومت سندھ نے اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ کو سرکلر کے ذریعے ہدایت کر دی ہے۔ سرکلر کے مطابق تمام صوبائی وزر‘ مشیروں اور گریڈ 22 کے افسران کی ایک ماہ کی مکمل تنخواہ ” کورونا وائرس فنڈ ” کی مد میں کاٹ لی جائے گی جبکہ گریڈ ایک تا 16 کے ملازمین سے 5 فیصد ، 17 تا 20 گریڈز کے افسران سے دس فیصد اور گریڈ 21 کے افسران کی 25 فیصد تنخواہیں منہا کرلی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ کو اس مد میں کم و بیش ایک ارب روپے کا ” کورونا ایمرجنسی فنڈز “مل جائے گا۔ کورونا ایمرجنسی فنڈز میں کٹوتی کی وجہ سے بیشتر محکموں اور بلدیاتی اداروں میں تنخواہیں اب تک تیار نہیں کی جاسکیں۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض دیگر وجوہات کے باوجود تنخواہوں کی تیاری کا عمل مکمل ہوچکا ہے اور جمعہ تک تمام افسران وملازمین کے اکاؤنٹس میں تنخواہیں منتقل ہوجائیں گی۔علاوہ ازیں سندھ پولیس کے بعض ڈسٹرکٹ پولیس افسران نے کورونا وائرس کی صورتحال کی وجہ سے چھٹیاں کرنے والے پولیس اہلکاروں کی فی کس 3 ہزار روپے تنخواہ کاٹنے کا حکم دیدیا۔