سندھ حکومت نے پلازما ٹیکنیک سے کورونا علاج کی اجازت دیدی

681

کراچی (اسٹاف رپورٹر) این آئی بی ڈی میں بلڈ ڈیزیز کے اسپیشلٹ ڈاکٹر طاہر شمسی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے پلازما ٹیکنیک سے کورونا کے مریضوں کا علاج کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا کے مریضوں کے لیے بڑی خوش خبری آگئی، این آئی بی ڈی میں بلڈ ڈیزیز کے اسپیشلٹ ڈاکٹر طاہر شمسی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سندھ حکومت نے پلازما ٹیکنیک سے علاج کی اجازت دے دی ہے، پلازما ٹیکنیک سے کورونا مریضوں کا علاج چاروں صوبوں میں ہوگا۔ ڈاکٹر طاہر شمسی نے کہا کہ کورونا مریضوں کے علاج کے لیے تمام حکومتوں سے مل کر کام کریں گے، پلازما ٹیکنیک سے کورونا مریضوں کو آئی سی یو، وینٹی لیٹر کی ضرورت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ علاج کے لیے کورونا وائرس سے صحت یاب افراد کا پلازما لیا جائے گا، پلازما ٹیکنیک کورونا کے علاج میں بڑی پیش رفت ہے، حکومت کے ساتھ مل کر اسی ہفتے لائحہ عمل طے کر لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا صحت یاب مریض ہر2 ہفتے بعد پلازما عطیہ کر سکیں گے، مریض25 کلو سے کم وزن ہے تو ایک پلازما 2 لوگوں کو لگایا جا سکے گا۔ ڈاکٹر طاہر شمسی نے کہا کہ وفاق کی جانب سے ایک دو روز میں پلازما ٹیکنیک پر فیصلہ ہو جائے گا، بلوچستان، کے پی کے بھی اس حوالے سے اسی ہفتے فیصلہ کرلیں گے جبکہ سندھ اور پنجاب پلازما ٹیکنیک سے علاج کے لیے آن بورڈ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے صحت یاب افراد پر ذمے داری ہے کہ وہ پلازما عطیہ کریں، صحت یاب افراد پلازما دے کر ڈاکٹرز، پیرا میڈیک کی صف میں کھڑے ہو سکتے ہیں۔ڈاکٹر طاہر شمسی نے کہا کہ کورونا سے صحت یاب افراد سے اپیل ہے کہ پلازما دینے کے لیے آگے آئیں، صحت یاب افرادکے بھرپور تعاون سے کورونا کو شکست ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پلازما ٹیکنیک شروع کرنے کے3اقدامات کرنا ہوں گے، سب سے پہلے معاملہ نیشنل بائیوٹکس کمیٹی کے پاس جائے گا، حکومتی اداروں کے ساتھ لاجسٹکس طے کیے جائیں گے۔ پلازما عطیہ کرنے سے انسانی جسم پر کوئی اثر نہیں پڑتا، پوری قوم کورونا سے صحت یاب افرادکی طرف دیکھ رہی ہے۔ تمام معاملات طے ہوتے ہی ڈونیشن سینٹرز کا اعلان کریں گے، کوئی ڈونیشن سینٹر نہیں آنا چاہے تو رابطہ کرے، ہم گھر جا کر پلازما لیں گے۔