جنگ گروپ کے چیئرمین و پبلشر میر جاوید الرحمن انتقال کرگئے

753

کراچی/اسلام آباد ( اسٹاف رپورٹر+خبر ایجنسیاں) جنگ گروپ کے چیئرمین و پبلشر میر جاوید الرحمن گزشتہ روز کراچی میں انتقال کرگئے، میر جاویدالرحمن کراچی کے اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں ڈاکٹروں نے ان کے پھیپھڑوں میں کینسر کی تشخیص کی تھی۔مرحوم کی عمر 74سال تھی ،میر جاوید الرحمن کی صحافتی زندگی نصف صدی سے کچھ زاید عرصے پر مشتمل رہی، جنگ گروپ کے بانی میر خلیل الرحمن کے بڑے صاحبزادے میرجاوید الرحمن کی رہنمائی اور سربراہی میں جنگ گروپ پاکستان کا بڑا میڈیا گروپ بن گیا جس کے تحت کئی اخبارات، رسائل اور ٹی وی چینلز کام کررہے ہیں۔مرحوم کی نماز جنازہ کراچی میں ادا کی جائے گی ۔واضح رہے کہ مرحوم میر جاوید الرحمن کے چھوٹے بھائی میر شکیل الرحمن ان دنوں نیب کی حراست میں ہیں۔گزشتہ روز انہیں اپنے علیل بھائی سے ملاقات کے لیے کراچی جانے کی اجازت دینے کی خبر سامنے آئی تھی تاہم نیب حکام ان کو کراچی لے کر نہیں پہنچے اور وہ اپنے بھائی میر جاویدالرحمن سے نہ مل سکے۔دریں اثنا صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی،وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری،وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سربراہ عوامی نیشنل پارٹی اسفندیار ولی خان،جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمن، احسن اقبال ،مریم اورنگزیب، خالد مقبول صدیقی، چودھری شجاعت حسین، پرویز الٰہی، شیخ رشید، وقار مہدی، راشد ربانی، فیصل جاوید، منظور وسان، میاں جاوید لطیف، کامران مرتضیٰ، آفتاب شیر پاؤ ، سینئر صحافی حامد میر،اینکر پرسن وجیہ ثانی اورشعبہ صحافت سے تعلق رکھنے والی دیگر شخصیات نے جنگ گروپ کے چیئرمین اور پبلشر میر جاوید الرحمن کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔رہنمائوں نے مرحوم کی بلندی درجات کے لیے دعا اور ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہارکیا ہے۔