قومی خزانے پر عوام کا حق ہے،رحمان ملک

363

اسلام آباد:سینیٹر رحمان ملک کا کہنا ہے کہ عوام کےعلاج بھیک مانگنے سے نہیں ہوتے، قومی خزانے پر عوام کا حق ہے۔

سینیٹ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین سینیٹررحمان ملک نے گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ وزیراعظم کی تقریر سے لگا کہ پی ٹی آئی ٹائیگر فورس بننے کے بعد ہی لاک ڈاؤن کا اعلان کیا جائیگا، فورس بنانےمیں کم سے کم تین ماہ لگ سکتے ہیں تو دعا ہے خود یہ کورونا وائرس ختم ہو۔

رحمان ملک نے کہا کہ حکومت عطیات و خیرات کی طرف دیکھنے کے بجائے ضروری طبی سامان قومی خزانے سے خریدے، عوام کے علاج بھیک مانگنے سے نہیں ہوتے، قومی خزانے پر عوام کا حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت یا تو کورونا ٹیسٹ مفت کرائے یا بہت واجبی چارجز لیں، حکومت فوری طور پر10 لاکھ  ٹیسٹنگ کٹس،5 ہزارحفاظتی طبی کٹسم 5 سو وینٹیلیٹر درآمد کرے، حکومت کورونا ٹیسٹ کی صلاحیت کم از کم یومیہ دس ہزار  تک بڑھائے۔

سینیٹر رحمان ملک نے مزید کہا کہ حکومت کورونا کی روک تھام کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے، لاک ڈاؤن و کرفیو لگانے میں ہم جتنا دیر کرینگے نقصان اتنا ہی زیادہ ہوگا، کورونا کی روک تھام کیلئے حکومت فوری طور پرہیلتھ ایمرجنسی نافذ کرے۔

انہوں نے اپنا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی مریضوں کی تعداد اگلے چند ہفتوں میں کئی گنا بڑھ سکتی ہے۔