حیدر آباد، نیو سبزی منڈی میں لوٹ مار کا سلسلہ شروع

214

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)اونین پٹاٹو اینڈ ویجیٹیبل کمیشن ایجنٹس گروپ کے صدر الطاف میمن نے کہاکہ نیوسبزی منڈی ہالا ناکہ کو شفٹ ہوئے صرف ایک ہفتہ ہوا ہے مگر ابھی سے وہاں پر لوگوں سے لوٹ مار کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ متعدد بیوپاری اور ڈرائیوروں سے نقدی اور موبائل فون چھینے کے واقعات ہوچکے ہیں اس کے علاوہ کچھ قوم پرست آ کر لوگوں کو دھمکیاں دے رہے ہیں یہ علاقہ ہمارا ہے یہاں پوری مارکیٹ کا کنٹرول ہم سنبھالیں گے تاجروں کو بھتہ خور بھتہ طلب کررہے ہیں یہاں سیکورٹی کی صورتحال انتہائی خراب ہے اتنی بڑی منڈی میں صرف تین سے چار پولیس اہلکار ڈیوٹی دے رہے ہیں جوکہ ناکافی ہے جبکہ ڈویژنل کمشنر حیدرآباد عباس بلو چ اور ڈپٹی کمشنر عائشہ ابڑو نے ہم سے عدہ کیا تھا کہ آپ کو بہترین سیکورٹی فراہم کی جائے گی رینجرز، پولیس کے علاوہ کمشنر نے موبائل بینک کا بھی وعدہ کیا تھا جو کہ اب تک پورا نہیں ہوا ہے اس کے علاوہ سبزی منڈی فیز ون میں ایک ہفتے کے اندر25فیصد جگہ پر انکروچمنٹ ہوچکی ہے انہوںنے کمسنر حیدرآباد، ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی حیدرآباد سے مطالبہ کیا کہ ہمیں فوری طور پر سیکورٹی فراہم کی جائے اور انکروچمنٹ کا مکمل خاتمہ کیا جائے بصورت دیگر ہم دوبارہ سبزی منڈی حالی روڈ منتقل کرنے پر مجبور ہوں گے۔