ایڈیشنل آئی جی کادورہ،شہریوں سے اچھے برتاؤ پر پولیس کو انعامات

246

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے کورونا وائرس کے سلسلے میں کراچی شہر میں لگائے گئے لاک ڈاؤن پر موجود ایسٹ زون کی مختلف پولیس پکٹس کا دورہ کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی کراچی کے ساتھ ڈی آئی جی ایسٹ نعمان صدیقی، ڈی آئی جی ٹریفک جاوید علی مہر، ایس ایس پی ایسٹ تنویر عالم اوڈھو اور ایس ایس پی ملیر علی رضا و ایس ایس پی کورنگی فیصل عبداللہ چاچڑ بھی موجود تھے۔ایڈیشنل آئی جی کراچی غْلام نبی میمن نے ایسٹ زون میں واقع ضلع ایسٹ،کورنگی و ملیر کی حدود میں لگائی گئی مختلف پولیس پکٹس پرموجود افسران و ملازمین کو چاک وچوبند ڈیوٹی سَرانجام دینے اور دورانِ لاک ڈاؤن عوام کے ساتھ اچھا رویہ و برتاؤ اپنانے پر نقد انعام و سرٹیفکیٹ سے نوازا۔ شہریوں کے ساتھ بہترین سلوک کرنے پر ایس ایچ او نیو ٹائون سب انسپکٹر محمد زبیر کو سی سی فرسٹ اور کیش انعام دیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ایسٹ اور ایس ایس پی ایسٹ بھی موجود تھے۔اس موقع پر غلام نبی میمن نے کہا کہ دورہ کرنے کا مقصد شہر کا جائزہ لینا اوراہلکاروں سے ملنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرمی میں ناکوں پر موجود اہلکاروں کا حوصلہ بلند ہے،دورے کے دوران پولیس چیف کراچی کو دیکھ کر وہاں جمع ہونے والے شہریوں سے غلام نبی میمن نے کہا کہ اپنے گھروں میں رہیں اور گلیوں ،محلوں میں جمع ہونے والے افراد رش نہ لگائیں۔