مراد علی شاہ نے 20 لوگوں میں بھی راشن تقسیم نہیں کیا، خرم شیرزمان

236

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے 22 مارچ کو صوبے میں لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا۔ 22 مارچ کو ہی اعلان کیا گیا تھا کہ 20 لاکھ لوگوں میں راشن تقسیم کریں گے۔موجودہ صورتحال پر پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے وڈیو بیان میں کہا ہے کہ مراد علی شاہ نے 20 لاکھ تو دور 20 لوگوں میں بھی راشن تقسیم نہیں کیا۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے لوگوں کے گھروں میں راشن سمیت بچوں کا دودھ بھی ختم ہوگیا ہے۔ سفید پوش لوگ ہاتھ پھیلانے اور بھیک مانگنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ کا سسٹم مکمل طور پر ناکام ہوگیا ہے۔ ہمیں تشویش ہے کہ ان حالات میں یہ شہر کیسے چلے گا۔انہوں نے کہا کہ آج سڑکوں پر ضرورت مند اور سفید پوش لوگ پیپلزپارٹی کے راشن کے منتظر ہیں۔ شیر زمان نے کہا کہ ہم نے سیاست نہیں کی، ایک بات پھر اعتبار کیا کہ اس وبا میں سندھ حکومت اچھا سسٹم لائے گی۔ پیپلزپارٹی کے لیڈر نے بیرون ملک سے تعلیم حاصل کی ہے، بیرون ملک سے ہی کچھ سیکھ لیا ہوتا۔ پیپلز پارٹی ان حالات میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ بتائے کہ وزیر اعظم کے دیے گئے ماسک اور سینی ٹائزر کہاں ہیں؟ سندھ کے سرکاری اسپتالوں میں کورونا کے ٹیسٹ نہیں ہورہے ہیں۔ بتایا جائے کہ وہ کٹس کہاں گئیں؟خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ حکومت سندھ کو راشن کیلیے جو فنڈز ملے تھے، اس سے فوری راشن تقسیم کیا جائے۔ راشن کو فوری عوام میں تقسیم کیا جائے ورنہ عوام سڑکوں پر نکل آئیں گے۔