کوسٹ گارڈز کی جانب سے ماہی گیروں میں راشن اور طبی سہولت کی فراہمی

276

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان کوسٹ گارڈزکی جانب سے ماہی گیروں میں فری راشن اور طبی سہولت کی فراہمی شروع کردی گئی۔ترجمان پاکستان کوسٹ گارڈ کے مطابق کوروناوائرس کے پھیلاؤ اور سمندری راستوں سے مادر وطن میں وائرس کے داخلے کو روکنے کی ذمے داری وزارت داخلہ نے پاکستان کوسٹ گارڈز کے سپرد کی ہے۔ پاکستان کوسٹ گارڈز کی تقریبا ً20 چھوٹی بڑی کشتیاں اور 600 نفری اس فرض کونبھانے میں دن رات سر گرم عمل ہے۔ اب تک 284کشتیاں اور ان میں موجود 4256ماہی گیروں کو سمندر کے اندر کورونا وائرس کے حوالے سے اسکریننگ کی گئی اور ان میں سے 4مشتبہ افراد کو گوادراسپتال میں علاج کے لیے منتقل کیاگیاہے۔ جبکہ کوسٹ گارڈ کے افسران و اہلکاروں نے ماہی گیروں میں کورونا وائرس کے حوالے سے طبی امداد کے علاوہ کورونا وائرس کے بارے میں آگاہی دی۔اپنی دیگر مصروفیات کے ساتھ ساتھ پاکستان کوسٹ گارڈز کی جانب سے بلوچستان کے پسماندہ اور طبی سہولتوں سے محروم دور افتادہ علاقوں پسنی،گوادر، جیوانی کے ساتھ ساتھ منوڑا کراچی کے علاقے میں غریب ماہی گیروں میں فری راشن کی فراہمی میں مددکی گئی اور کورونا وائرس کے حوالے سے طبی امداد اور ہدایات بہم پہنچائی گئیں۔ یہ اقدام مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کوسٹ گارڈز کے آفیسرز اور جوانوں کا اپنے ہم وطنوں سے جذبہ ہمدردی اور خیر سگالی کا پیغام ہے۔ پاکستان کوسٹ گارڈز اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ آئندہ بھی اپنے ہم وطنوں کی خدمت کے لیے تمام وسائل برو ئے کار لاتے ہوئے خدمات فراہم کرتی رہے گی۔