حکومت کی کورونا کے حوالے سے کوئی حکمت عملی نہیں،شاہد خاقان

336

اسلام آباد: سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ حکومت کی کورونا کے حوالے سے کوئی حکمت عملی نہیں۔  

سابق وزیراعظم ومسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر صوبہ، ہر شہر اپنا کام کر رہا ہے، آج تک یہاں نہیں پتا کہ کیا کرنا ہے، کورونا وائرس پر حکومت کی نہ کوئی حکمت عملی ہے نہ پالیسی، وزیراعظم اپوزیشن کو بلا کراپنے بیان کے بعد غائب ہوگئے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا ہمارا وزیر وہاں گیا،وہاں کیا کرنے گئے تھے،عجیب معاملہ ہے، ہماری سمجھ سے باہر ہے، کہتے تھےلاک ڈاون نہیں ہوگا،اسلام آباد میں اس سے بڑا کیالاک ڈاون ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حکمت عملی کیا ہے وزرا اور حکومت کی کوآرڈینیشن نہیں، وزیراعظم کچھ اور وزراء کچھ کہتے ہیں، کورونا وائرس پر کوئی یکساں رسپانس نہیں، پورے پاکستان میں کورونا کے خلاف یکساں رسپانس چاہیے، حکومت مکمل طور پر نا کام ہے، حکومت کی کورونا کے حوالے سے کوئی حکمت عملی نہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ اپوزیشن کو پکڑیں گے یا کورونا وائرس کو،بارڈر وفاقی حکومت کنٹرول کرتی ہے، تفتان پربدنظمی کے وزیراعظم خود ذمے دارہیں، کوئی حکمت عملی نہیں، اب اللہ ہی خیر کرے۔