پاکستان : نئے مریضوں کی تعداد میں کمی ، مزید 4 جاں بحق

351

 

کراچی/لاہور/اسلام آباد/کوئٹہ /پشاور/ مظفرآباد(نمائندگان جسارت+ خبرایجنسیاں)پاکستان میں کورونا وائرس سے ایک روز میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ملک بھر میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 16 ہوگئی ۔اتوار کو مہلک وائرس سے کراچی میں 2 افراد جان کی بازی ہارگئے جس کے بعد سندھ میں یہ مجموعی طور پر تیسری ہلاکت ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد میں بھی ایک شخص جاں بحق ہوا اور یہ خیبرپختونخوامیں 5 ویں ہلاکت ہے۔ اس کے علاوہ اتوار کوچوتھی ہلاکت گلگت بلتستان میں ہوئی جہاں
محکمہ صحت کا ملازم مہلک وائرس کا شکار بن گیا اور یہ گلگت میں مہلک وائرس سے دوسری موت ہے۔اتوار کو ملک بھر میں 73 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے سندھ میں 33، پنجاب میں 13، گلگت بلتستان میں 12، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر اور اسلام آباد میں 4، 4 جبکہ بلوچستان میں 3 مریضوں میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی۔نئے کیسز کی تصدیق کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1577 ہوگئی ہے ۔ پنجاب میں متاثرہ افراد کی تعداد570، سندھ میں 502، خیبرپختونخوا میں 192، بلوچستان میں 141، گلگت بلتستان میں 123، اسلام آباد میں 42اور آزادکشمیرمیں 6ہوگئی ہے، آزادکشمیر میں اتوار کو 4نئے کیسز میرپورکے علاقے میں رپورٹ کیے گئے ہیں جو کہ باہر ملک سے سفرکرکے آنے والے افراد ہیں۔مردان میں ایس پی آپریشن وقار عظیم کھرل کورونا وائرس میں مبتلاہوگئے۔انہوںنے اپنا ٹیسٹ رپورٹ مثبت آنے کی تصدیق کردی ۔پاکستان میں مہلک وائرس سے متاثرہ 31 افراد اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں جن میں سے 14کا تعلق سندھ، 6 کا گلگت بلتستان، 5 کا پنجاب سے ہے جب کہ اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور بلوچستان سے بھی 2، 2 افراد صحت مند ہوچکے ہیں۔علاوہ ازیں فیصل آبادضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق ایران سے مزید 67 زائرین جھنگ روڑ پر پارس کیمپس میں قائم قرنطینہ سینٹرپہنچ گئے ہیں جنہیں محفوظ انداز میں ان کے کمروں میں منتقل کردیا گیا ہے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں تخمینوں سے بہت کم کیسز ہیں، لوگ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا ہوں گے تو یقینا کیسز کی تعداد ان تخمینوں سے کم ہوں گے لیکن اس پر عمل نہیں کیا گیا تو کیسزکی تعداد اچانک بہت بڑھ بھی سکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ چین نے کورونا کی وبا پر قابو پایا اور پبلک ہیلتھ کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کیا ۔ادھر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹیز کو این 95 ماسک فراہم کر دیے ہیں۔علاوہ ازیں ملک بھر میں پولیس نے لاک ڈاؤن کی پابندی کرانے میں مزید سختی کردی ہے اور شہریوں کو گھروں تک محدود رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے۔لاہور میں غیر ضروری طور پر باہر گھومنے والے 1800افراد سے ضمانتی مچلکے جمع لیے گئے۔ادھر بلوچستان حکومت نے قیدیوں کی سزا میں 3ماہ کی رعایت دے دی ہے ۔ صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں اس بات کی وضاحت کی گئی ہے کہ اس رعایت کا اطلاق سنگین جرائم میں ملوث قیدیوں پر نہیں ہوگا۔ادھر گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ لاک ڈائون کے باعث کورونا وائرس کے کیسز کا تناسب کم ہوا۔دوسری جانب کورونا سے نمٹنے کے لیے چین سے پانچواں امدادی جہاز سامان لے کر اسلام آباد پہنچ گیا، 15وینٹی لیٹر، این 95ماسک، میڈیکل کی دوسری اشیا شامل ہیں۔چینی سفیر نے سامان چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کے حوالے کیا،ووہان سے آنے والی خصوصی پروازمیں تقریبا 6 ٹن سامان بھیجا گیا ہے۔ادھر وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کراچی میں کورونا وائرس کے لیے مزید 2 لیباریٹریز کے قیام کا فیصلہ کیا ہے ۔ٹیسٹنگ لیباریٹریز SIUT اور JPMC میں قائم کی جائیں گی۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیراعظم سے ٹیلیفونک رابطہکرکیسندھ میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال اور روک تھام کے لیے کیے گئے انتظامات سے آگاہ کیا۔علاوہ ازیں چینی سے مزید طبی آلات لانے کا کام پاک فضائیہ کے سپرد کردیا گیا ہے۔