حکومت خوف پھیلانے کے بجائے ہنگامی بنیاد پر اقدامات کرے ، حافظ طاہر مجید

272

 

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) الخدمت فاؤنڈیشن کے ضلعی سرپرست امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید نے کہا ہے کہ حکومت کورونا سے نمٹنے کے لیے چینی ماڈل اپنائے،خوف و ہراس پھیلانے کے بجائے ہنگامی بنیادوں پر کام کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف سطح کے ذمے داران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم کو الجھن سے باہرنکل کر قومی مشاورت سے قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کرنا چاہیے جس کے اٹلی کی طرح انتظار کرو کے بجائے فوری کام کرنے اور وسیع پیمانے پر کورونا کیخلاف کامیاب چینی ماڈل اپنایا چاہیے۔کورونا سے نمٹنے اور بچنے کے آلات بڑے پیمانے پر تیار کرنا چاہیے۔ایسا ممکن نہ ہوتو فوری درآمد کیا جائے اور فرنٹ لائن پر فرائض انجام دینے والوں کو مہیا کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کے متاثرین اور قرنطینہ میں موجود مشتبہ لوگوں کو بنیادی سہولتوں سے آگے بڑھ کر آسائشیں و سہولتیں دی جائیں اور ایسے لوگوں کے اہل خانہ کو ترجیحی بنیاد پر فی گھرانہ کم از کم 50ہزار روپے دیے جائیں
تاکہ ان سہولیات کی موجودگی میں متاثرین اور مشتبہ افراد مطمئن ہوکر علاج کرسکیں اور قرنطینہ میں مقررہ عرصہ گزار سکیں۔علاوہ ازیں سرپرست الخدمت اور امیر ضلع حافظ طاہر مجید،صدر الخدمت فاؤنڈیشن ضلع حیدرآباد ڈاکٹر سیف الرحمٰن اور سائٹ زون کے امیر محمد سلیم راجپوت نے لیبر کالونی،جونیجو کالونی،ہوسڑی اور ذیل پاک کالونی میں میں ضرورت مند خاندانوں میں راشن بیگ تقسیم کیے۔