ڈہرکی، لاک ڈاؤن کا 12واں دن، لوگوں کی پریشانیوں میں اضافہ

667

ڈہرکی (نمائندہ جسارت) ڈہرکی سمیت ضلع بھر میں ’’تحفظ کورونا وائرس لاک ڈاؤن‘‘ کا مسلسل 12واں دن، لوگوں کی پریشانیوں میں شدید اضافہ۔ نظام زندگی اور معمولات بری طرح درہم برہم۔ ضلع بھر میں ہر طرف پولیس، رینجرز، فوج سمیت دیگر سیکورٹی فورسز کے جوان بڑی تعداد میں کسی بھی ممکنہ گڑ بڑ اور سیکورٹی خدشات کے پیش نظر الرٹ۔ مسلسل لاک ڈاؤن کی وجہ سے ضلع بھر کے شہروں کی سڑکیں، گلیاں اور بازار سنسان، ہر طرف سناٹا ہی سناٹا۔ کورونا لاک ڈاؤن کے متاثر ہزاروں سفید پوش شہری اور روزانہ اجرت کمانے والے کمر توڑ مہنگائی میں اپنے گھر کا چولہا جلانے والے غریب مزدور دیہاڑی دار کی پریشانیوں میں مزید 200 فیصد تک اضافہ ہوگیا، لوگوں کے چولہے مسلسل ٹھنڈے پڑے ہیں۔ موجودہ تشویشناک صورت حال کی وجہ سے سفید پوش اور مزدور طبقہ شدید ترین پریشان، حکومت اور مخیر حضرات کی فوری امداد کا شدت سے منتظر۔ ادھر کورونا وائرس لاک ڈائون پر عمل درآمد کرانے کے لیے شہر بھر اور آس پاس کے دیہی علاقوں میں ہر طرف پولیس، رینجرز اور فوج کے جوان نظر آرہے ہیں جو شہر بھر میں جگہ، جگہ اور پیٹرولنگ کے دوران لاک ڈاؤن پر عوام سے عمل درآمد کرانے کے عمل میں مسلسل مصروف ہیں۔