سکھر، سندھ پنجاب بارڈر پر سیکڑوں گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں

234

سکھر (نمائندہ جسارت) سندھ پنجاب بارڈر سیل کردیا گیا، سندھ پنجاب بارڈر پر سیکڑوں گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، سیکڑوں مسافر بارڈر پر سہولیات نہ ہونے کے باعث شدید مشکلات سے دوچار ہیں، ملک بھر میں کورونا کی شدت میں مسلسل اضافے کے پیش نظر صوبائی حکومتوں کے حفاظتی انتظامات کے باعث جہاں صوبوں کے اندرونی علاقوں کے مکین پریشان ہیں، وہیں دوسرے صوبوں کے رہائشی بھی شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ گزشتہ دو روز سے سندھ پنجاب بارڈر پر آمد و رفت معطل ہونے کے بعد سندھ میں کام کرنے والے ہزاروں پنجاب کے رہائشیوں کا اپنے گھروں کو لوٹنا محال بن گیا ہے۔ بین الصوبائی بارڈروں پر سیکڑوں گاڑیاں منتظر ہیں کہ کب راستہ کھلے اور وہ اپنی منزل کی طرف روانہ ہوں۔ گاڑیوں میں سوار ہزاروں افراد فاقہ کشی پر مجبور ہو گئے ہیں، مسافروں کا کہنا ہے کہ ہم پنجاب کے لوگ واپس جانا چاہتے ہیں کیونکہ لاک ڈاؤن کے باعث کوئی روزگار نہیں ہے اپنے گھروں کو جانا چاہتے ہیں مگر بارڈر پر تعینات پنجاب پولیس ہم کو اپنے شہر اور گھروں کو بھی جانے نہیں دے رہی ہیں۔ مسافروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر ہم کو قرنطینہ سینٹر میں بھی رکھنا ہے تو پنجاب میں رکھا جائے یہاں تو ہم کورونا وائرس سے نہیں بھوک سے مرجائیں گے۔ مسافروں نے یہ بھی بتایا کہ چندہ کرکے کرایے پر گاڑی کرائی تھی، واپس بھی نہیں جاسکتے، ہمیں اپنے گھر جانے دیا جائے۔