میر پورخاص ایران سے آنیوالے 92زائرین بغیر اسکریننگ گھر بھیج دیے گئے

237

میرپور خاص (نمائندہ جسارت)انتظامیہ کی نااہلی کے باعث کو رونا وائرس پھیلنے کا اندیشہ پیدا ہو گیا ہے، ایران سے پاکستان اور پھرپنجگورسے سندھ پہنچنے والے 92 زائرین کو گھروں پر بھیج دیا گیا ہے،پی سی بی گراؤنڈ کے اسپوٹس ہاسٹل میں باہر سے آنے والے افراد کیلیے قرنطینہ سینٹر قائم کیا گیا لیکن گزشتہ روز باہر سے آنے والے افرادکو سینٹر میں رکھنے کے بجائے اپنے گھروں پرجانے کی اجازت دیدی گئی، 92افراد کس طرح ایک صوبے سے دوسرے صوبے تک پہنچے سوالیہ نشان بن گیا، شہریوں میں ضلعی انتظامیہ کی نااہلی سے خوف و ہراس پیدا ہو گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ایران سے پاکستان کے سرحدی ضلع پنجگور سے آنے والے 92 افراد میں سے صرف چند کی اسکریننگ کرکے تمام افراد کو کلیئر قرار دے کر گھروںکو روانہ کردیا ۔زائرین اپنے گھروں میں رہنے کے بجائے روز مرہ کے معاملات ادا کرنے میں مصروف ہے جس سے کورونا وائرس پھیلنے کا اندیشہ پیدا ہو گیا ہے اورعوام کورونا وائرس کے پھیلنے کے خوف میں مبتلا ہیں۔ دوسری جانب سوال یہ ہے کہ لاک ڈائون کے باوجود ایک ساتھ 92افراد کوچز میں بھر کر ایک صوبے سے دوسرے صوبے تک کس طرح پہنچے راستے میں کئی پولیس چیک پوسٹیںہیں مگر کسی نے انہیں نہیں روکا۔