سنگین صورتحال کا مقابلہ سب کو مل کر کرنا ہے ٗحافظ نعیم الرحمن

485
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ضلع شمالی گلشن معمار کے تحت مسجد ابوحذیفہ میں قائم ’’پیلپ سینٹر ‘‘کے دورے کے موقع پر امدادی سرگرمیوں کاجائزہ لے رہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ کوروناوائرس اور لاک ڈائون کے باعث پیدا ہونے والی سنگین صورتحال کا مقابلہ سب کو مل کر کرنا ہے ۔ حکومت ، ریاست اور پورے معاشرے کی ذمہ داری ہے کہ پورے احساس اور ذمہ داری کے ساتھ ضرورت مندوں کی فکر کریں ،الخدمت کے تحت شہر بھر میں 100مقامات پر ہیلپ سینٹرز سرگرم عمل ہیں اور متاثرین کی امداد کے لیے خدمات تیزی سے جاری ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوارکے روز گلشن معمار مسجد ابوحذیفہ میں قائم ’’پیلپ سینٹر ‘‘کے دورہ اورامدادی سرگرمیوں کے جائزہ کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع شمالی محمد یوسف ،سکریٹری عرفان احمد،ناظم علاقہ گلشن معمارابوالخیر،ابوالضیاء پرویز ودیگر بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضا کار شہر بھر میں ضرورت مندوں اور مزدور طبقے کے لیے جو اس صورتحال میں سب سے زیادہ متاثر ہو ئے ہیں ان کی ہر ممکن مدد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ، گلشن معمار سمیت 100مقامات پر الخدمت اور جماعت اسلامی کے ہیلپ سینٹرز مصروف عمل ہیں ۔ ہم نے آج جناح ہسپتال میں بھی ڈاکٹرز اور میڈیکل اسٹاف کو ضروری اشیاء فراہم کی ہیں۔ جماعت اسلامی کے پاس رضا کاروں کی پوری ٹیم موجود ہے جو ہر مشکل گھڑی اور آفات میں لوگوں کی مدد کے لیے تیار رہتی ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دل کھول کر عطیات جمع کرائیں تاکہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی زیادہ سے زیادہ تعداد میں امدادکی جاسکے ۔