ذخیرہ اندوز نرمی سے بات مان لیں‘ تمام ادارے تیاررہیں ‘ وزیراعظم عمران خان

412

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں سے کہہ رہا ہوں نرمی سے کہی جانے والی بات مان لیں، اگرایسا نہ کیا گیا تو پھر نرمی نہیں سختی ہوگی،تمام ادارے ہر طرح سے تیار رہیں۔ اتوار کو اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیرصدارت پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس ہوا جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب، وفاقی وزرا، آئینی وقانونی ماہرین نے شرکت کی۔اسد عمراور حماد اظہر نے معاشی صورتحال پر بریفنگ دی۔اجلاس میں ائرپورٹس پر حفاظتی اقدامات اور ملک میں اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل فراہمی کا بھی جائزہ بھی لیا گیا۔اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں لیڈر شپ کا امتحان ہوتا ہے، آج اتوار کو قوم کے سامنے جامع روڈ میپ رکھوں گا، گھبراہٹ میں کیے گئے فیصلے درست نہیں ہوتے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہنگامی حالات میں تمام ملکی وسائل استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، قوم متحد رہے، جلد آزمائش سے نکل جائیں گے، حکومت کی ساری توجہ غریب اور دیہاڑی دار طبقے پر ہے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں ریلیف پیکیج کو مستحق افراد تک پہنچانے کے لیے رضا کار فورس کی حکمت عملی طے کر لی گئی ہے۔اس سلسلے میں ملک بھر میں پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کو خصوصی ٹاسک دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ پارٹی عہدیداروں کو کورونا ریلیف ٹائیگرز پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کہاکہ ارکان اسمبلی یوٹیلیٹی اسٹورز سے راشن سپلائی پرتوجہ مرکوز رکھیں،مستحقین تک اشیا کی بر وقت فراہمی اور مزدور طبقہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔