سندھ حکومت کا قیدیوں کو عارضی طور پر رہا کرنے کا فیصلہ

258

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی حکومت نے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر سندھ کی جیلوں میں معمولی نوعیت کے قیدیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کرلیا، سزا یافتہ قیدیوں کو4 ماہ کے لیے عارضی رہا کیا جائے گا، بغاوت، قتل وغارت گری اور دہشت گردی میں ملوث ملزمان کو رہا نہیں کیا جائے گا۔ رہائی کا سلسلہ آج سے شروع ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق صوبے کی جیلوں سے سزا یافتہ قیدیوں کو 4 ماہ کے لیے عارضی رہا کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، محکمہ داخلہ سندھ کی سمری کے مطابق سزا یافتہ قیدیوں کو ضمانتی بانڈ پر رہا کیا جائے گا، قیدیوں کو پینل کوڈ کی مختلف دفعات کے تحت عارضی طور پر رہا کیا جائے گا۔سمری میں کہا گیا ہے کہ سندھ کابینہ کی منظوری کے بعد فیصلے پر عملدرآمد شروع ہوگا، فیصلے کا اطلاق منشیات ،نیب،معمولی جرائم میں ملوث سزا یافتہ قیدیوں پر ہوگا، فیصلے کا اطلاق بغاوت،قتل وغارت گری، دہشت گردی میں ملوث قیدیوں پر نہیں ہوگا۔محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق سندھ کی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدی موجود ہیں،فیصلے سے ایک ہزار سے زاید قیدیوںکو فائدہ ہوگا۔