کورونا کیخلاف وزیراعلیٰ سندھ اچھا کام کررہے ہیں، فواد چودھری

380

اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فوادچودھری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو مبارک باد دیتا ہوں، صوبہ سندھ نے کوروناوائرس سے نمٹنے کے بہت اچھے اقدامات کیے ہیں ۔ اگر ہم کرفیو لگانا چاہتے ہیں تو تین چار گھنٹے کے لیے کرفیو اٹھانا پڑے گا تو اس وقت لائنیں لگ جائیں گی تو پھر کرفیو لگانے کا کیا فائدہ ہو گا۔ پنجاب حکومت یا بلوچستان حکومت کے معاملات پر ان سے پوچھیں میں تو اس حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتا۔ وفاقی حکومت کی کئی معاملات میں جتنی اچھی کمیونیکیشن ہونی چاہئے تھی وہ نہیں ہوئی اور تفتان کا معاملہ بھی انہیں معاملات میں سے ایک ہے۔ اس وقت ایمرجنسی میں سیاسی جماعتوں سے رابطے کرنا وقت ضائع کرنا ہے۔ جو علما حق اور عقل کی بات کرتے ہیں وہ نعمت ہیں لیکن رجعت پسند لوگ جن کو ہم علما کا درجہ دے دیتے ہیں وہ پھر معاشرے کی تباہی کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار فواد چودھری نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ماسک کی خریداری صوبوں نے کرنی تھی کیونکہ صحت صوبائی معاملہ ہے۔ عالمی وبا کورونا وائرس اور ملک کی صورتحال سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ کچھ صوبائی حکومتوں نے فعال کردار ادا کیا کچھ نے نہیں، سندھ حکومت سب سے زیادہ فعال رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت رہنمائی فراہم کر رہی ہے۔ا نہوں نے کہا کہ آج اگر ہم ٹریڈ ٹریفک کو مکمل بند کر دیں تو اس کا نتیجہ کیا ہو گا، ہم نے تین ملین میٹرک ٹن کے قریب گندم اٹھانی ہے ، تو وہ نہیں اٹھا سکیں ، پورے ملک میں گندم کا بحران آجائے گا۔ تیل اور گیس کی ٹریڈ ٹریفک کو سندھ حکومت نے صرف دو دن کنٹرول کیا ہے تو اس کے نتیجہ میں گلگت بلتستان میں تیل اور ڈیزل کا بحران پیدا ہو گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے جنوری میں ہی اقدامات اٹھانا شروع کر دیے تھے اور وفاقی حکومت کا جو کام ہے ائرپورٹس پر پروٹوکول لگانا اور نقل وحرکت کو کنٹرول کرنا تو وہ کر دیا تھا، پنجاب حکومت یا بلوچستان حکومت کے معاملات پر ان سے پوچھیں میں تو اس حوالہ سے کچھ نہیں کہہ سکتا، پنجاب حکومت بھی کام کر رہی ہے اور باقی بھی کررہے ہیں تاہم سندھ حکومت باقی صوبوں سے بڑھ کر کا م کر رہی ہے۔